حکومت عازمین حج کی سہولتوں اور ان کے تحفظ کے لئے انتہائی سنجیدہ : نقوی
03:31PM Sat 20 Aug, 2016
ممبئی : مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے یہاں حج ہاؤس میں حکام کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ میں حج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مسٹر نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت اور دیگر محکمے سفر حج پر جانے والے عازمین کی سہولتوں اور ان کے تحفظ کے سلسلے میں انتہائی سنجیدہ ہیں تاکہ حج پر جانے والوں کو کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کل رات منعقدہ ایک میٹنگ میں مسٹر نقوی نے کہا کہ مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور سفرحج پر جانے والے ہندوستان کے تقریبا ایک لاکھ چھتیس ہزار عازمین کی سہولت، ان کے تحفظ اور دیکھ بھال کے لئے وزارت کے سینئر حکام کی ٹیم سعودی عرب بھیج رہی ہے۔ میٹنگ میں مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایکزکٹیو آفیسر ( سی ای او ) مسٹر عطا الرحمن اور دیگر افسران بھی شامل تھے۔ مرکزی وزیر نے عازمین حج کے لئے منعقدہ ایک تربیتی کیمپ میں بھی حصہ لیا جہاں انہوں نے اس بار بڑی تعداد میں سفر حج پر جانے والوں سے ملاقات کی۔ اس بار تربیتی کیمپ میں حج ارکان سے متعلق مختلف معلومات کے ساتھ ساتھ سفرحج پر جانے والوں کو کسی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے طور طریقے سے بھی واقف کرایا گیا۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ اس بار سفرحج کے لئے کل عازمین کے تقریبا 10 فیصد لوگوں نے آن لائن پر درخواست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال آن لائن درخواست کیے جانے کی بڑے پیمانے پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
مسٹر نقوی نے ملک اور پوری دنیا میں امن، خوشحالی اور سکون کی دعاؤں کے ساتھ فریضہ حج مکمل کرنے کے بعدحاجیوں کی صحیح سلامت واپسی کی دعا کی۔ اس تربیتی کیمپ کے موقع پر مقامی شیوسینا کے لیڈر اروند ساونت، بی جے پی ممبر اسمبلی راج پروہت، حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوعطا الرحمن، حج کمیٹی کے رکن اورکنوینر حسن کاظمی اور دیگر معزز ا فراد موجود تھے۔ اس سے پہلے بھی ملک کی مختلف ریاستوں میں سفر حج پر جانے والوں کے لئے بڑے پیمانے پر تربیتی کیمپوں کا انتظام کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 27 اگست سے ممبئی سے عازمین حج کا قافلہ جدہ، سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگا۔ اس سال ممبئی سے تقریبا 4،500 عازمین سفر حج کے لئے جائیں گے۔ حج 2016 کے لئے کل ایک لاکھ بیس عازمین مرکزی حج کمیٹی کے ذریعے ہندوستان کے 21 امبارکیشن پوائنٹ سےسفر حج کیلئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 36،000 عازمین پرائیوٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعے سفر حج پرجارہے ہیں۔