اتر کینرا میں دو دنوں کا مکمل لاک ڈاؤن جاری: بھٹکل میں آج پہلے دن عوام نے دیا بھر پور ساتھ۔ سڑکوں پر پسرا رہا سناٹا

11:06AM Sat 22 May, 2021

بھٹکل: 22 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کینرا میں کورونا معاملات میں اضافے کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے پورے ضلع میں 22 مئی سے 24 مئی کی صبح 6 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے اور اس دوران تمام کاروباری سرگرمیوں کو بندر رکھتے ہوئے  صبح 6 سے 10 بجے تک ملنے والی چھوٹ پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ اس مکمل لاک ڈاؤن کا اثر آج پہلے دن بھٹکل سمیت ضلع بھر میں دکھائی دے رہا ہے اور جگہ جگہ پولس کی ناکہ بندی ہونے کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں ہی رہنے میں عافیت سمجھ رہے ہیں۔ بھٹکل کی بات کی جائے تو یہاں آج پہلے دن عوام نے لاک ڈاؤن کے اصولوں پر بھر پور عمل کیا ۔ جس کی وجہ سے شہر کی سڑکیں سنسان نظر آئیں جبکہ ضروری کاموں کے علاوہ کسی بھی قسم کی گاڑیوں کو بھی گھومتا ہوا نہیں پایا گیا۔ واضح رہے کہ اس سلسلے میں ضلع کے ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے کل ایک اخباری کانفرنس منعقد کرتے ہوئے دو روزہ لاک ڈاؤن میں غیر ضروری  طور پر باہر نکلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔ خیال رہے کہ ضلع بھر میں اب تک ماسک نہ پہننے والے 14237 افراد سے 14,59,310 روپے جرمانہ وصول کیا گیا، اسی طرح  85 موٹر گاڑیاں ضبط کی گئیں اور 448 پر کیس داخل کیا گیا۔ لاک ڈاون کے دوران غیر ضروری طور پر سڑکوں پر دوڑنے والی 2,655 گاڑیوں کے خلاف کیس درج کیا گیا۔