ماہ رمضا ن المبارک میں شہر اور ضلع بھر میں دیر رات تک کاروبار کی اجازت 

03:05PM Sat 13 May, 2017

خصوصی پولیس بندوبست ، پاک وصاف پانی کی سپلائی ، راستوں کی درستگی ، بناخلل برقی سپلائی کے لئے موثرنمائندگیاں  بیدر۔(بھٹکلیس نیوز) مقدس ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر سماجی وملی نوجوان قائد جناب محمدفراست علی ایڈوکیٹ صدر نشین کرناٹک سوشیل ڈیولپمنٹ اسوسی ایشن ضلع بیدر کی جانب سے ماہ رمضان المبارک میں مختلف حل طلب عوامی مسائل کو موثر نمائندگی کے ذریعہ حل کروانے سے ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں مسلمانون کے لئے باعث راحت ہوتے ہیں۔ اسی سالانہ سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگیاں کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کے مقصد کے تحت ایک وفد کے ہمراہ جس میں جناب اخترمحی الدین انجینئر، جناب شاہ موسیٰ محی الدین قادری ایڈوکیٹ ، جناب عبدالرحیم خان شامل ہیں، کل ایس پی بید رجناب پرکاش نکم امرت سے ملاقات کرکے نمائندگی کی کہ رمضان میں شہر بیدر کے علاوہ ضلع بھر میں خصوصاً مسلم اکثریت والے علاقوں میں دیر رات تک کاروبار کھلے رکھنے کی اجازت ، میوہ فروش ودیگر چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے کی اجازت ، شہر میں افطار خریدی کے وقت ہجوم کے پیش نظر گاوان چوک تا چتراکارنر روڈ پر تین اور چارپہیوں والی گاڑیوں کے رخ موڑ کر ٹریفک تحدیدات عائد کرنے ، پاکٹ ماروں اور چوروں کے خطرہ کے پیش نظر غیر سماجی عناصر پر کڑی نظر رکھنے خصوصی پولیس بندوبست کرنا ضروری ہے۔ ایس پی بیدر نے اس نمائندگی کو قبول کرتے ہوئے موثر عمل آوری کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی بات کی۔ مزید کہاکہ آغاز رمضان سے قبل اس ضمن میں ماتحت عہدیداروں کوہدایت جاری کئے جائیں گے۔ اور فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں سے پیسے وصولی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی بات کہی۔ اسی طرح انہوں نے کمشنر بلدیہ سے نمائندگی کرتے ہوئے ایک ماہ تک زیادہ مقدار میں پاک وصاف پینے کے پانی کی سپلائی کرنا ، شہر میں یوجی ڈی ورک سے راستوں کی حالت بہت خراب ہوچکی ہے ۔ کئی مہینوں کے بعد بھی کوئی سدھار نہیں آیا ۔ آغاز رمضان سے قبل تمام خراب راستوں کو جس سے انسانی زندگی کو خطرہ ہے ترجیحی بنیادوں پر مرمت کروانے کی ضرورت ہے۔ ہر طرف گندگی عوا م کے لئے اذیت کاباعث ہوتی ہے۔ جس کے لئے خصوصی صفائی انتظامات مساجد کے آس پاس صفائی انتظامات ، شہر میں اسٹریٹ لائٹ کی درستگی کے علاوہ آوارہ کتوں کو شہر سے ہٹانے کے انتطامات کئے جائیں۔ کمشنر بلدیہ نے تیقن دیاکہ وہ ان کاموں کووقت پر تکمیل کروانے خصوصی ہدایات جاری کریں گے۔ اور زیادہ سے زیادہ راستوں کو رمضان سے قبل درست کروایا جائے گا۔ انہوں نے مین روڈ، پر کاروبار کرنے والوں سے کہاکہ روڈ کی ایک جانب کاروبار کریں نہ کی بیچ روڈ پر جس سے عوام کو تکلیف ہوگی۔ ایسے کاروبار کرنے والوں سے اگر کوئی پیسے وصول کرتے ہیں تو انہوں نے سخت کارروائی کاانتباہ دیا۔ ایگزیکٹیو انجینئر جسکام سے نمائندگی کرکے کہاگیاکہ رمضان میں باربار برقی خلل سے عوام خصوصاً خواتین کوسخت مشکل پیش آتی ہے۔ 24گھنٹے برقی کو بحال رکھاجائے اگر درستگی کے کام ہوں تو صبح کے اوقات میں کئے جائیں۔ موصوف نے کہاکہ برقی میں خلل ہونے کا امکان بارش سے ہوتاہے اس کے علاوہ نمائندگی کے مطابق برقی بحال رکھنے کے لئے وہ شخص نگرانی رکھیں گے ۔ اور عہدیداروں کوہدایت بھی جاری کریں گے۔ اسی طرح کوالٹی کنڑول کے محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی کرکے بتایا گیا کہ رمضان میں یہ شکایات ملتی ہیں کہ غذائی اشیاء ملاوٹی اور ناقص قسم کی فروخت ہوتی ہیں۔ اسی طرح افطار کے لئے فروخت کئے جانے والے میوے مصنوعی طریقے سے پکائے جانے کی اطلاع اور قیمتیں معقول وصول کی جاتی ہیں۔ متعلقہ عہدیدارنے معاملہ کو سنجیدگی سے لئے ہوئے اس قسم کی غذائی اشیاء میوہ جات فروخت کرنے والوں کے خلاف نظر رکھتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کاانتباہ دیاہے۔ وفد کی جانب سے ان تمام عہدیداروں سے اظہار تشکرکیاگیا۔