محمد سمیع کو بڑی راحت ، میچ فکسنگ معاملہ میں بی سی سی آئی نے دی کلین چٹ ، کھیل سکیں گے آئی پی ایل

02:30PM Thu 22 Mar, 2018

نئی دہلی : بی سی سی آئی کی اینٹی کرپشن یونٹ ( اے سی یو ) نے جمعرات کو ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمد سمیع کو میچ فکسنگ کے معاملہ میں کلین چٹ دیدی ہے ۔ ان کی اہلیہ حسین جہاں نے سمیع پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کئے تھے ۔ کلین چٹ دینے کے ساتھ ہی بی سی سی آئی نے گریڈ بی کنٹریکٹ میں سمیع کو شامل کرلیا ہے۔ اب محمد سمیع آئی پی ایل میچوں کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ بھی کھیل سکیں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ تیز گیند باز محمد سمیع کی اہلیہ حسین جہاں نے ان پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ایک پاکستانی لڑکی علشبہ سے میچ فکسنگ کے لئے پیسے لئے تھے ۔ معاملہ کی جانچ بی سی سی آئی کی اینٹی کرپشن یونٹ کررہی تھی۔ اس ٹیم کے سربراہ نیرج کمار نے کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرس ( سی او اے) کو اپنی پوری جانچ رپورٹ سونپ کر محمد سمیع کو سبھی الزامات سے بری قرار دیا ہے۔
اس معاملہ میں نیرج کمار نے اپنی رپورٹ سی او اے کو سونپ دی ہے۔ بی سی سی آئی نے کرکٹر محمد سمیع کو ابھی الزامات سے بری کردیا ہے ۔ اس معاملہ میں جب تک کوئی دیگر ذرائع نہیں ملتے ہیں اس وقت تک کنٹریکٹ جاری رہے گا ۔ گزشتہ کافی دنوں سے ٹیم انڈیا کے تیز گیند محمد سمیع اپنی اہلیہ حسین جہاں کے الزمات کی وجہ سے میڈیا کی سرخیوں میں بنے ہوئے ہیں ۔ اس تنازع کی وجہ سے انہیں بی سی سی آئی نے سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی باہر رکھا تھا اور آئی پی ایل میں ان کے کھیلنے پر بھی تذبذب پیدا ہوگیا تھا ۔ کارگزار صدر کھنہ نے آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کی میٹنگ کے موقع پر پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ اے سی یو سربراہ نیرج کمار جانچ کررہے ہیں اور انہیں سات دن کا وقت دیا گیا ہے اور ان کی رپورٹ آنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ آخری فیصلہ سی او اے کے ذریعہ لیا جائے گا۔