کشمير کو ہندوستان سے الگ کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے پاکستان: سشما سوراج

03:37PM Mon 26 Sep, 2016

اقوام متحدہ۔ ہندوستان نے پاکستان کو آج سخت الفاظ میں خبردار کیا کہ وہ جموں و کشمیر کو ہندستان سے الگ کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے کیونکہ اس کا یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اگر یہ سمجھتا ہے کہ وہ دہشت گردی پھیلا کر اور اشتعال انگیز بیان دے کر ہندستان کا کوئی حصہ چھین سکتا ہے تو اس کا یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مسز سوراج نے جنرل اسمبلی میں 21 ستمبر کو پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "اگر پاکستان سمجھتا ہے کہ ایسی حرکتیں کرکے اور اشتعال انگیز بیان دے کر وہ ہندوستان کا کوئی حصہ چھین سکتا ہے تو میں واضح کر دینا چاہتی ہوں کہ اس کا یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ جموں و کشمیر ہندستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔" محترمہ نے زور دے کر کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے‘ لہذا پاکستان اس کا خواب دیکھنا چھوڑدے۔ ان کی تقر یر کے اس مرحلے پر تالیوں کی گونج صاف سنائی دے رہی تھی۔ ہندوستان کے تئیں پاکستان کے رویہ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے محترمہ سوراج نے کہا کہ ہندوستان نے تو بہتر ہمسائیگی کی اعلی ترین مثال قائم کی ہے جس کا آغازوزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں مسٹر شریف کو شرکت کی دعوت سے ہوتا ہے جو دراز ہوتا ہوا مسٹر مودی کے افغانستان سے لوٹتے ہوئے لاہور میں وقتی قیام اور پھر تجدید مذاکرات کے لئے ان کے اپنے اسلام آباد کے دورہ تک پہنچتا ہے۔