مجلس اصلاح و تنظیم اور دیگر اداروں کے تعاون کے ساتھ لائف کیر میں ہوا کویڈ کیر سینٹر کا افتتاح

03:12PM Sat 29 May, 2021

بھٹکل: 29 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مجلس اصلاح وتنظیم موجودہ حالات میں تمام طرح سے مستعد ہے اور  انتظامیہ سے لے  کرعوامی صحت کا خیال رکھنے کے لیے بھی تنظیم کے ذمہ داران مسلسل سرگرم عمل ہیں اسی کے چلتے یہاں پر مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل، بھٹکل مسلم خلیج کونسل اور انڈین نوائط فورم کے تعاون سے لائف کیر اسپتال میں کویڈ کیر سینٹر قائم کیا گیا ہے  جس کا افتتاح آج عصر میں قاضی صاحبان کے ہاتھوں ہوا جس میں کل سے  کورونا کے مریضوں کا علاج شروع ہوگا۔ اس کی جانکاری جناب ڈاکٹر محمد حنیف شباب صاحب نے دی وہ آج یہاں بعد نماز مغرب مجلس اصلاح و تنظیم میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ  اس میں فی الحال 12 بیڈ کی سہولت موجود ہے جہاں  دو ماہر  ڈاکٹر، فیزیشین اور دیگر نرسیں وغیرہ اپنی خدمات انجام دیں گے ۔ ڈاکٹر حنیف شباب صاحب نے کہا کہ  پہلے پہل اس کو بھٹکل ویمن سینٹر میں قائم کیا جانا تھا اور جس کے لیے بہت سارے کام بھی ہوچکے تھے لیکن وہاں کچھ مشکلات پیش آنے سے اسے لائف کیر میں قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کویڈ کیر سینٹر لائف کیر اسپتال کا ہی ایک حصہ ہے جو کہ مجلس اصلاح وتنظیم، بھٹکل مسلم خلیج کونسل اور آئی این ایف کے تعاون سے  لائف کیر کی اوپری منزل میں قائم کیا گیا ہے جبکہ نچلی منزل میں دیگر مریضوں کے لیے اسپتال کی سہولت جاری رہے گی ۔ انہوں نے عوام سے درخواست کہ وہ ابتدائی علامت ظاہر ہوتے ہی یہاں یا پھر سرکاری اسپتال میں جاکر علاج کروائیں اس کو لے کر نہ بیٹھیں ورنہ آخری وقت میں علاج کے لیے مشکلات ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ یہاں دیگر نجی اسپتالوں کے مقابلے میں کافی رعایتی قیمت پر علاج ہوگا اور بہت ہی اطمینان بخش علاج ہوگا ۔ اس کے لیے عوام کمیٹی کے کنوینر جناب عمران لنکا، نائب کنوینر جناب صادق مٹا، صدر تنظیم جناب ایس ایم سید پرویز، جنرسکریٹری جناب ایم جے عبدالرقیب اور دیگر ذمہ داران سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اس کے لیے تعاون کرنے والے تمام حضرات کا شکریہ ادا کیا۔