’’تھیٹر سماجی تبدیلی کے لئے ایک مؤثر ذریعہ ہے‘‘؛ راگھویندر نائک

03:00PM Thu 27 Jun, 2019

بھٹکل: 27 جون، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو)’’ تھیٹر سماجی تبدیلی کے لیے ایک مؤثر اور کار آمد ذریعہ ہے اس ہنر کے ذریعے انسان زندگی میں پیش آنے والے بہت سے فنون کو سمجھتا اور سیکھتا ہے‘‘۔ ان خیالات کا اظہار راگھویندر نائک نے کیا وہ یہاں نیو انگلش اسکول میں مختلف کنڑا تنظیموں اور جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام’ سی جی کے رنگا پرسکار ‘کے موقع پر حاضرین سے مخاطب تھے۔ تھیٹر میں اپنی زندگی کو لگانے والے سی جی کرشناسوامی کی یاد میں ہر سال سی جی کے ایوارڈ دیا جاتا ہے اس بار یہ ایوارڈ بھٹکل کے سینیر فن کار اشوک مہالے کو دیا گیا۔ اس کے علاوہ اس میدان میں کئی سالوں سے خدمات انجام دینے والے کے آر نائک، ایس این دیواڈیگا، گوندا دیواڑیگا، رامناتھ مہالے اور جناب نذیر صاحب کی بھٹکل تعلقہ کنڑا ساہتیہ پریشد کی جانب سے تہنیت کی گئی۔ اس پروگرام کی صدارت ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک نے کی۔ اس موقع پر نیو انگلش پی یو اسکول کے پرنسپال ویریندر شانبھاگ، ضلع ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ، بھٹکل جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر رامچندرا کنی وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایم پی بھنڈاری نے استقبالیہ کلمات کہے جبکہ کے رمیش نے افتتاحی کلمات پیش کیے، چندر پربھا کے شکریہ کلمات پر اجلاس کا اختتام ہوا۔