حج کمیٹی کے دعووں کی کھل گئی قلعی، حج کیمپ میں عوام کو مختلف مسائل کا سامنا، لوگوں میں شدید ناراضگی

02:32PM Sun 15 Jul, 2018

نئی دہلی: ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جو 14 اگست تک جاری رہے گا۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے تقریباً ایک لاکھ 75 ہزار عازمین سعودی عرب بیت اللہ کی زیارت کے لئے جائیں گے، لیکن دارالحکومت دہلی میں عازمین کے لئے جو حج کیمپ لگایا گیا ہے، اس کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور وہاں بیٹھنے تک کا انتظام نہیں کیا گیاہے۔ نیوز 18 اردو کی ٹیم نے عازمین حج کی روانگی کے پہلے روز جب حج کیمپ کا دورہ کیا تو دیکھا کا وہاں مسائل کا انبار ہے اورباہر سے آنے والے مہمانوں کے لئے کوئی مناسب انتظامات نہیں کئے گئے ہیں۔ حج پر جانے والے لوگوں کے لئے تو کیمپ لگایا گیا ہے اور وہاں تمام نتظامات کئے گئے ہیں، لیکن ان کے ساتھ آنے والے رفقااور اہل خانہ جو انہیں بھیجنے کے لئے آتے ہیں، ان کا کوئی یارومددگار نہیں ہے۔
گوتم بدھ نگرکے زیور سے آئے ایک شخص نے کہا کہ یہاں کوئی بھی انتظام نہیں کیا گیاہے، یہاں پر مردوخواتین اور بچے سبھی پریشان ہیں۔ پینے تک کا پانی نہیں ہے، بیت الخلا میں پانی نہیں ہے۔ حاجی شہام نے کہا کہ یہاں انتظامات کے نام پر کچھ بھی نہیں ہے،صرف پریشانیاں ہی پریشانیاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں خود 2009 میں حج پر گیا تھا، اس وقت بہت مناسب انتظام تھا، لیکن اس بار یہاں توکچھ بھی انتظام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ استنجا تک کے پانی کے لئے انتظام نہیں ہے، ہمارا یہاں پر پاک رہنا مشکل ہوگیا ہے۔  اس کے علاوہ بھی کئی سارے لوگوں نے بتایا کہ ہمیں یہاں بہت پریشانی ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ حج 2018 کی روانگی سے قبل مرکزی حج کمیٹی اور دہلی حج کمیٹی کے طرف سے مسلسل دعوے کئے جارہے تھے کہ حاجیوں کے لئے جو حج کیمپ لگایا گیا ہے، وہ بہت بہترین ہے۔ تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں، لیکن ان کے  دعوے صرف دعوے ہی رہ گئے اور تصویروں میں ان کی قلعی کھل گئی۔ مرکزی حج کمیٹی کے رکن عرفان احمد اور دہلی حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق خان نے کہا کہ ہم نے بہت بہتر انتظام کیا ہے، لیکن جب متعلقہ پریشانیوں سے متعلق ان سے بات کی گئی تو انہوں نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ آگے کے انتظامات کو مزید بہتر کرلیا جائے گا۔
 (نیوز 18 کی رپورٹ)