طیارہ حادثے کے نتیجے میں مسافروں کو محفوظ رکھنے والا جدید نظام لانے کا منصوبہ
01:37PM Sun 17 Jan, 2016
فضائی حادثوں میں مسلسل اضافے اور دہشت گردی کے بڑھتے رجحان نے نے سائنس دانوں کو جدید اور کچھ منفرد طیارے بنانے پر مجبور کردیا ہے اور اسی کوشش میں انجینئرز نے ایک ایسے طیارے کا خاکہ تیار کرلیا کہ جب طیارہ حادثے کا شکار ہوگا تو اس کا مسافروں والا حصہ خود کار نظام کے ذریعے الگ ہو جائے گا اور زمین یا سمندر میں گرنے سے قبل اس میں لگا پیراشوٹ اسے تباہ ہونے سے محفوظ رکھے گا۔
انجینئرز کا کہنا ہے کہ طیارے کی لینڈنگ، اڑان اور ہوا میں پرواز کے دوران اس میں لگا مسافروں کا کیبن طیارے سے جدا ہوجائے گا اور زمین یا پھر پانی پر گرنے سے قبل اس میں لگا پیراشوٹ اسے محفوظ انداز میں زمین پر اتار لے گا جس سے اس میں موجود مسافر محفوظ رہیں گے۔ اس جدید اور انسانی زندگیوں کو محفوظ رکھنے والے طیارے کے ڈیزائن کے ماسٹر مائنڈ روسی انجینئر کا کہنا ہے کہ وہ اس پروجیکٹ پر گزشتہ 3 سال سے کام کر رہے ہیں جس کے کیبن کی چھت پر پیرا شوٹ نصب کیے گئے ہیں اور جیسے ہی کیبن الگ ہوگا تو پیراشوٹ خود بخود کام کریں گے جب کہ اس میں لگے ربرٹیوب تکیے کی مانند زمین یا پانی پر لگتے ہی پھول جائیں گے اور یہ ٹیوب اتنے مضبوط ہوں گے کہ جو کیبن کو پانی میں بھی تیرتا رکھیں گے۔
اس حیرت انگیز طیارے کے انجینئر کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے طیارے کو بنانے کے لیے کیلور اور کاربن کے مرکب کا استعمال کیا گیا ہے جس کی مدد سے طیارے کے پر، فلیپس، اسپائلرز، پروں کے محرک حصے اور دم بنائی جائے گی جس کی وجہ سے پیرا شوٹ کا وزن تقسیم ہو جائے گا۔ انجینئر نے اس طیارے کی ورچول ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی ہے جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ انسان کسی تصوراتی دنیا میں ہے۔
اس آئیڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح الگ ہوجانے والے کیبن کے پہاڑوں، عمارتوں کے ساتھ ٹکرانے کا خدشہ ہے جب کہ طیارے کے پائلٹ والے حصے کے بچنے کا کوئی منصوبہ شامل نہیں۔ ایک ماہر کا کہنا ہے کہ اس آئیڈیا سے طیارے کی اڑان پر بننے والا ایئر فریم کمزور پڑ جائے گا کیوں کہ فیوز لیج اور طیارے کی باقی باڈی جڑے ہوئے ہوتے ہیں لیکن اس نئے منصوبے میں انہیں بار بار جوڑا جائے گا جو طیارے کو کمزور کردے گا تاہم اس سوچ کے تخلیق کار کی جانب سے کیے گئے سروے میں 95 فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ اس محفوظ سسٹم کے لیے زیادہ مہنگی قیمت دینے کے لیے تیار ہیں۔