انتظامیہ میں داخلہ حاصل کرنے کے خواہش مند طلباء راج سول سروس اکاڈمی سے استفادہ کریں

03:35PM Sat 10 Feb, 2018

بنگلورو۔9فروری(سالار)آئی اے ایس، آئی پی ایس اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی تربیت کے لئے پچھلے سال ڈاکٹر راج کمار سول سروس اکاڈمی کا قیام عمل میں آیا تھا۔ ریاست کے بہت سارے باصلاحیت نوجوان کے اے ایس، آئی اے ایس، آئی پی ایس اور آئی ایف ایس جیسے مقابلہ جاتی امتحانات کی تربیت حاصل کرنے کے لئے نئی دہلی، چنئی وغیرہ شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔اس طرح دوسری ریاستوں میں جاکر لاکھوں روپئے خرچ کرکے مقابلہ جاتی امتحانات کی تربیت حاصل کرنے کے رجحان کو ختم کرنے اور باصلاحیت نادار نوجوانوں کو بہ آسانی عمدہ تربیت فراہم کرنے کے نیک مقصد سے ڈاکٹر راج کمار کے خاندان والوں نے اس اکاڈمی کو قائم کیا ہے۔اس اکاڈمی میں ملک کے مختلف حصوں سے منتخب تجربہ کار اور ماہر اساتذہ ، طلباء کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔ملک اور ریاست کے مختلف مقامات سے سرکاری عہدیداران نے بھی طلباء کی تربیت کے لئے اپنی خدمات کی پیش کش کی ہے۔پچھلے سال مارچ کی پانچ تاریخ کو ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیاکے ہاتھوں ریاستی حکومت کے خصوصی سکریٹری سبھاش چندرا کنٹیا کی موجودگی میں اس اکاڈمی کا افتتاح عمل میں آیا تھا اور اپریل کی 24 تاریخ سے اکاڈمی میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔پہلے مرحلہ میں شہر کے چندرا لے آٹ میں اکاڈمی کی ابتداء ہوئی ہے، اس کی کامیابی کی بنیاد پر آگے چل کر مرحلہ وار شہر اور یاست کے دوسرے مقامات پر بھی اکاڈمی کی شاخوں کا قیام عمل کا منصوبہ ہے۔ اکاڈمی کے استاد گریش نے کہا کہ’’نئی دہلی میں تربیت حاصل کرنے کے لئے ایک لاکھ پچہتر ہزار روپیوں کا خرچ آتا ہے۔ہماری اس اکاڈمی میں اس کا نصف حصہ بطور فیس وصول کیا جاتا ہے۔، مارچ کے تیسرے ہفتہ میں قبل از داخلہ امتحان لیا جائے گا اور اس امتحان میں عمدہ نمبرات حاصل کرکے کامیاب ہونے والے طلباء کو ان کی حیثیت کے مطابق رعایتی قیمت پر یا مفت داخلہ اور تربیت فراہم کئے جائیں گے‘‘۔