امیج خراب ہونے کے سبب اسمبلی انتخابات نہیں لڑونگا: ریڈی

11:40AM Thu 27 Jul, 2017

بنگلور( بھٹکلیس نیوز):۔ سابق وزیر جناردھن ریڈی نے کہا کہ ان کی امیج خراب ہونے کی وجہ سے وہ آنے والے اسمبلی انتخابات نہیں لڑیں گے اوراس معاملہ میں خاموشی اختیار کرنا ہی بہتر ہے۔انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ سچ ہے کہ انہوں نے کولار اسمبلی حلقہ یا بلاری سے انتخابات لڑنے کا فیصلہ لیا تھا لیکن حالات اب کی حمایت میں نہیں ہیں اور اگر انتخابات کا سامنا بھی کیا تو انہیں کامیابی نہیں ملے گی۔ وقت ، طاقت اوردولت ضائع ہونے کے علاوہ انہیں کچھ نہیں ملیگا ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ انہوں نے وزیر کے طورپر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا او رکان کنی کے معاملہ میں حکومت اور ماحولیات کو بہت نقصان پہچایا تھا اس سلسلہ میں انہیں سزا بھی ہوئی تھی اور تین سال تک جیل میں رہے اور انہیں ضمانت نہیں ملی تھی شاید ہندوستانی کی تاریخ میںیہ پہلا واقعہ ہوگا کہ کسی ملزم کو تین سال تک ضمانت نہ ملی ہو انہوں نے کہا کہ کولار اسمبلی حلقہ میں ریڈی طبقہ کے لوگوں کی آبادی زیادہ ہے اور یہاں انہیں حمایت ملنے کی توقع تھی۔ حال ہی میں کولار اسمبلی حلقہ میں ریڈی طبقہ کے لوگوں کو لیکر ایک اجلاس بھی طلب کیا تھا۔جس میں ریڈی طبقہ کے لوگوں نے بھرپور تعاون کرنے کا اعلان کیا تھا اور چندلوگوں نے کہا تھا کہ اپوزیشن پارٹیاں جیسے کانگریس اور جے ڈی ایس خاموش نہیں رہیں گی غیر قانونی کان کنی اوردیگر واقعات کو اٹھا کر انکی امیج کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اورانہیں ذلت کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ان تمام واقعات کو دیکھنے کے بعد انہوں نے اپنا ارادہ ترک کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے اور ان کے بھائی کروناکرریڈی کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں بلکہ بلاری کے رکن پارلیمان شری رامولو کے درمیان چند معاملات کو لیکر اختلافات ہیں انہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ کبھی دونوں گہرے دوست تھے۔ تجارت کو لیکر دونوں بھائیوں کے اختلافات پیدا ہوگئے تھے او ر شری رامولو نے اس معاملہ میں مداخلت کرنے کی کوشش کی تھی۔اب حالات سب کچھ ٹھیک ہونے والے ہیں۔ ریڈی نے کہا کہ وہ کسی بھی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے وہ بی جے پی میں واپس جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتاوہاں انکے لئے درازے بند ہوگئے ہیں۔