مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے نظام قضاء کی اہمیت وضرورت سے متعارف کرانے کے لئے ملک کی مختلف ریاستوں میں تربیتی کیمپ کا انعقاد
01:02PM Thu 24 Jan, 2019
نئی دہلی:۲۴؍جنوری ۲۰۱۹ء (پریس ریلیز) نظام قضاء کا قیام جہاں ایک دینی فریضہ ہے وہیں یہ سرکاری عدالتوں کا معاون بھی ہے، آج کے زمانہ میں جب کہ اس کی ضرورت زیادہ بڑھ گئی ہے اور مختلف علاقوں میں دارالقضاء کمیٹی کی طرف سے نئے دارالقضاء کا قیام عمل میں آرہا ہے اور لوگ دارالقضاء سے اپنے مسائل حل کرا رہے ہیں، اس بات کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی ہے کہ علماء،ائمہ،دانشوران و عمائدین قوم و ملت کو نظام قضاء کی اہمیت و ضرورت اور اس کی باریکیوں و نزاکتوں سے واقف کرایا جائے تاکہ یہ حضرات اپنے اپنے علاقے کے لوگوں کو دارالقضاء کی طرف متوجہ کر سکیں، اسی مقصد کے تحت دارالقضاء کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے طے کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے اور نظام قضاء کی افادیت کو عام کیا جائے، چنانچہ ۱۴؍ ۱۵؍ و۱۶؍ جنوری کو جامعہ معدن العلوم وانمباڑی ضلع ویلور تملناڈ میں سہ روزہ تربیت قضاء کیمپ منعقد کیا گیا جس میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب سکریٹری بورڈ، مولانا عتیق احمد بستوی صاحب کنوینر دارالقضاء کمیٹی، مولانا رحمت اللہ صاحب معدنی ( رکن بورڈ) مولاناملک محمد ابراہیم خضرصاحب قاسمی (رکن بورڈ) مولانا قاضی وصی احمد صاحب قاسمی( نائب قاضی مرکزی دارالقضاء پھلواری شریف پٹنہ ) مولانا محمد اشفاق قاسمی صاحب ( قاضی شریعت اکولہ مہاراشٹر) مولانا تبریز عالم ( آرگنائزر دارالقضاء کمیٹی ) کے علاوہ دو سو سے زائد علماء نے شرکت کی اور قضاء کے مختلف موضوعات پر محاضرے ہوئے، ۱۲؍و۱۳فروری کو چنئی حج ہاؤس میں ایک تربیتی پروگرا م رکھا گیا ہے جس میں مولانا عتیق احمد بستوی صاحب، جناب ایم آر شمشاد صاحب ( ایڈوکیٹ سپریم کورٹ) مولانا قاضی وصی احمد صاحب، مولانا تبریز عالم کے علاوہ تملناڈ کے اراکین بورڈ، وکلاء اور علماء و عمائدین شریک ہونگے، ۲۶؍ ۲۷؍ و ۲۸؍ فروری کو دارالعلوم فرنگی محل لکھنؤ میں سہ روزہ کیمپ منعقد کیا جائیگا انشاء اللہ،جس میں صدر بورڈ حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صاحب دامت برکاتہم کے علاوہ مولانا عتیق احمد بستوی صاحب، مولانا خالد رشید فرنگی محلی، لکھنؤ کے اراکین بورڈ، دارالقضاء ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ذمہ داران، مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے قضاۃ کا ایک وفد اور بورڈ کے قضاۃ کے علاوہ دو سو سے زائد علماء و مفتیان کی شرکت متوقع ہے، راجستھان کے علماء و مفتیان کے لئے انشاء اللہ ۹؍و ۱۰؍ مارچ کوجامعہ معین الدین چشتی اجمیر شریف میں دو روزہ تربیت قضاء کیمپ منعقد کیا جائے گا، جس میں جنرل سکریٹری بورڈ حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب دامت برکاتہم، مولانامحمد فضل الرحیم مجددی صاحب سکریٹری بورڈ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب سکریٹری بورڈ، مولانا عتیق احمد بستوی صاحب کنوینر دارالقضاء کمیٹی کے علاوہ مرکزی داراالقضاء پھلواری شریف پٹنہ کے قضاۃ کا ایک وفد شریک ہوگا، اسی طرح دیگر ریاستوں میں بھی کیمپ کرانے کی کوشش جاری ہے۔