اترپردیش : اجودھیا تنازع کا حل عدالت سے نہیں نکلے گا : شری شری روی شنکر
03:48PM Wed 28 Feb, 2018
Share:
بلرامپور : آرٹ آف لیونگ کے بانی روحانی گرو شری شری روی شنکر کا کہنا ہے کہ بابری مسجد - رام جنم بھومی تنازع کا عدالت سے کوئی حل نہیں نکل سکتا ہے ۔شراوستی جاتے ہوئے شری شری نے بلرام پور میں صحافی سے بات چیت کی ۔ شری شری نے کہا کہ عدالت سے اس مسئلہ کا کوئی حل نہیں نکل سکتا ، عدالت کے فیصلہ سے کسی ایک فریق کو شکست قبول کرنی پڑے گا ، جو فریق ہارے گا ، وہ ابھی تو تسلیم کرلے گا لیکن کچھ وقت بعد پھر ہنگامہ شروع ہوجائے گا ۔ بابری مسجد تنازع پر کوئی نیا فارمولہ بنائے جانے کے سوال پر شری شری نے کہا کہ جلد ہی دوستانہ ماحول میں عدالت کے بعد تنازع حل ہونے کی پوری امید ہے۔
اپوزیشن کے الزامات پر شری شری نے کہا کہ جہالت کا مظاہرہ کرنے کا سبھی کو حق ہے ۔ قبل ازیں گورکھپور سے بلرام پور کیلئے روانہ ہوتے ہوئے شری شری نے رام مندر کی تعمیر کو لے کر کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ مندر عام اتفاق رائے سے بنے اور اس کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں اور اچھے نتائج آرہے ہیں۔
گزشتہ روز وزیر اعلی یوگی سے ہوئی ملاقات کے سوال کو ٹالتے ہوئے شری شری نے کہا کہ ترقی اور ملک کے معاملات پر گفتگو ہوئی ۔ روحانی گرو نے ان کی کوششوں کی جاری مخالفت پر کہا کہ کچھ لوگ مخالفت کررہے ہیں ، اچھے کام کی مخالفت ہوتی ہی ہے ، مگر اس سے کچھ رکے گا نہیں ۔ روی شنکر نے کہا کہ رام مندر تعمیر کو لے کر ان کی کوششوں کو کامیابی ضرور ملے گی ۔