روبیلا انجکشن لینے میں اقلیتی ادارے سنجیدہ  بنیں؛ بھٹکل تحصلدار

04:33PM Sat 18 Feb, 2017

بھٹکلیس نیوز / 18 فروری،2017 روبیلا (گھور) جیسی بیماریوں کے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری مہم کے تحت لگوائے جارہے روبیلا کے انجکشن طلبہ کو دلوانے میں اقلیتی ادارے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ۔ یہ بات آج صبح تحصلدار وی این باڈکر نے کہی۔مختلف اداروں کے ذمہ داران سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  پورے ضلع میں سب سےپیچھے اگر کوئی شہر ہے تو وہ بھٹکل ہے۔ اور بھٹکل میں بھی صرف مسلم تعلیمی اداروں میں ہی بچوں کو انجکشن لگوانے میں کوتاہی برتی جارہی ہے۔ تحصیلدار نے جانکاری دی کہ بھٹکل کے دیہی علاقوں اور کنڑا میڈیم اسکولوں میں یہ مہم 100فی صد کامیاب ہوئی ہے ، لیکن شہر کے اقلیتی انتظامیہ کے تعلیمی اداروں میں والدین اور انتظامیہ کی طرف سے عدم تعاون کی وجہ سے کامیاب نہیں ہوپارہی ہے، کچھ والدین واٹس اپ کے ذریعے پھیلائے گئے بے تکے اور غلط پیغامات پر اعتماد کرتے ہوئے بچوں کو متعلقہ بیماریوں کا انجکشن دینے سے احتراز کررہے ہیں تو یہ بات بھی دیکھنے میں آرہی ہے کہ اسکول  انتظامیہ بھی ان کا بھر  پور تعاون کررہی ہے۔ اور یہ  کوئی اچھی روش نہیں ہے۔