بنگلور اور ہسور کے درمیان ریل ٹریک کو بجلی کے ساتھ جوڑا جائے گا
04:44AM Fri 21 Dec, 2018
بنگلور20؍دسمبر(ف۔ن) بنگلور سے ہسور کے درمیان دوڑنے والی ریلوے لائن (50 کلو میٹر)سال 2019 میں برقی ہونے جا رہی ہے۔، دسمبر کی 12 تاریخ کو وزارت ریلویز نے یہ اعلان کیا تھا کہ بیاپنا ہلی سے شروع ہونے والی مذکورہ ریلوے لائن کو ، دوسرے مزید چار لائنوں کے ساتھ ہی برقی لائن میں تبدیل کیا جائے گا۔ ریلوے کے رضاکاروں نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، جس کے نتیجہ میں بنگلور اور ہسور لائن پر مزید مین لائن الیکٹریکل ملٹپل یونٹ (ایم ای ایم یو ) اور ڈیزل الیکٹرک ملٹیپل یونٹ (ڈی ای ایم یو) ریل گاڑیوں کے دوڑانے کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔مودالو ٹرین بیکو (پہلے ریل گاڑی چاہئے) تحریک کے ایک کارکن سرینواس الاویلی نے بتایا کہ ’’ریلوے لائن کو بجلی کے ساتھ جوڑنے کا کام ایک بڑی سہولت ہوگی اس کی وجہ سے مزید ایم ای ایم یو ریل گاڑیوں کے اضافہ کے علاوہ بنیادی ڈھانچہ کی دوسری سہولیات جیسے آٹومیٹک سگنلنگ وغیرہ میں کافی مدد حاصل ہو گی، ریلوے محکمہ اسی رخ پر مزید ریل گاڑیاں بھی دوڑا سکتا ہے۔سگنل سے متعلق بنیادی ڈھانچہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس وقت بنگلور اور ہسور کے رخ پر ہمیں بہت ہی کم ریل گاڑیوں کی سہولت حاصل ہے‘‘۔