اتر کینرا میں بھاری بارش کے بعد متاثرین کے لیے مجلس اصلاح و تنظیم سمیت دیگر اداروں کی طرف سے امداد

04:15PM Fri 9 Aug, 2019

بھٹکل: 9 اگست،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کینرا میں گزشتہ دونوں بارش کے بعد ہوئی تباہی سے لوگ کافی متاثر ہوئے ہیں اور گھروں میں پانی گھس آنے کے سبب عوام بڑی تعداد میں راحت کیمپوں میں بسیرا کیے ہیں۔ عوام کی ان مشکلات کو دیکھتے ہوئے بھٹکل کے مجلس اصلاح و تنظیم سمیت کئی ادارے ان کی اس مشکل گھڑی میں مدد کے لیے آگے آرہے ہیں۔ آج مجلس اصلاح وتنظیم کے ایک وفد نے ولکی ہیرانگڈی اور آس پاس کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین کے کیمپوں میں جاکر کھانے پینے کی اشیاء سمیت چادریں وغیرہ تقسیم کیں۔ تنظیم کے اس وفد میں جناب عبدالرقیب ایم جے، جناب عتیق الرحمان منیری، جناب ڈاکٹر محمد حنیف شباب، جناب جیلانی شابندری، جناب عبدالسلام، جناب امتیاز ادیاور، جناب نصیف خلیفہ سمیت میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ مجلس اصلاح و تنظیم کے علاوہ رابطہ ملت فاؤنڈیشن، ینگ اسٹار ویلفئیر ایسوسی ایشن، منکی جماعت المسلمین اور دیگر مسلم ادارے بھی متاثرین کے کیمپوں کا دورہ کرکے ضروری اشیاء پہنچا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ان کیمپوں میں ایک بڑی تعداد غیر مسلموں کی ہونے کے سبب ان کاموں سے ان پر اچھا تاثر پڑ رہا ہے۔