ایڈی یورپا ریاست میں دوبارہ گندی سیاست میں مصروف۔ سدارامیا
01:08PM Sat 11 Aug, 2018
وجئے پور ہ۔11؍اگست (سالار) سابق ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیا نے الزام لگایا کہ بی جے پی کرناٹک میں غیر اخلاقی و گندی سیاست کرتے ہوئے اخلاقی اقدار پر مبنی سیاست کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ یہاں آلمٹی ڈیم سائٹ پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے اس خیال کا اظہار کیا اور کہا کہ آنے والی نسل سابق وزیراعلیٰ و بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپا کوکبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایڈی یورپا نے اقتدار کی ہوس و نشہ میں 18؍ اراکین اسمبلی کو 20تا 25 کروڑ میں خرید کر بی جے پی حکومت کو برسراقتدار لایا مگر یہ نہیں سوچا کہ پیسوں کے لالچ میں حکومت بننے کے بعد ریاست کے کروڑوں عوام کا کیا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کنول کے نام پر اراکین اسمبلی کوخریدا گیا جیسے روپئے دے کر جانوروں کو خریدا جاتا ہے۔سدارامیا نے بتایا کہ آج بھی بی جے پی ایسا ہی غلط گندہ اور غیر اخلاقی کام کرتے ہوئے اقتدار میں آنے کاخواب دیکھ رہی ہے مگر اس مرتبہ کامیاب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کے چند اراکین اسمبلی کانگریس میں شامل ہو کر کانگریس کی حکومت بنانے میں مدد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں مگر ہم نے انہیں موقع نہیں دیاہے۔ علاحدہ شمالی کرناٹک ریاست کے مطالبہ پر سدارامیا نے کہا کہ اس مطالبہ میں کوئی حرج نہیں ہے بلکہ شمالی کرناٹک کو ننجنڈپا کمیٹی رپورٹ کے مطابق کس طرح ترقی دی جائے اس سلسلہ میں تحریک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ذاتی رائے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کرناٹک ، جنوبی کرناٹک، ساحلی کرناٹک کاتصور ہمارے نزدیک ہی رہے لیکن اکھنڈ کرناٹک پر ہمیں فخر محسوس کرنا چاہئے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں عوام نے ریاست میں مخلوط حکومت کے لئے ووٹ دیا ہے اور موجودہ کانگریس۔ جنتادل (ایس) حکومت کامیابی کے ساتھ چلے گی اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں ہے ۔ سابق وزیراعلیٰ و بادامی حلقہ کے رکن اسمبلی سدارامیا ان دنوں اپنے حلقہ کے دورہ پر ہیں جس کے پیش نظرآلمٹی ڈیم سائٹ پر کیمپ کئے ہوئے ہیں ۔