دہلی فضائی آلودگی میں اضافہ، تمام سکول بند، کوڑے جلانے پر مکمل پابندی، مصنوعی بارش پر غور شروع
01:46PM Mon 7 Nov, 2016
لوگ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں ،دس دنوں کے لیے بدرپور پاور پلانٹ بند ر ہیں گے ،اروند کیجریوال
بھٹکلیس نیوز / 07 نومبر،2016
نئی دہلی۔(ایف او یس ) دارالحکومت دہلی میں آلودگی میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سرکاری طور پر چند اقدامات کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے آئندہ تین دنوں کے لیے دہلی کے تمام سکول کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا اس کے علاوہ مصنوعی بارش پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔فضائی آلودگی میں اس قدر اضافہ ہو چکا ہے کہ آنکھیں جلنے لگی ہیں اور گلے میں چبھن کا احساس ہوتا ہے۔ایسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومت نے دس نکاتی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ اگلے تین دنوں تک دہلی کے سارے سکول بند رہیں گے۔دس دنوں کے لیے دہلی کے جنوب میں واقع بدرپور پاور پلانٹ کو بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔کوئلے پر مبنی بدرپور پاور پلانٹ سے راکھ اٹھانے پر بھی روک لگائی گئی ہے۔. دہلی میں پانچ دنوں تک تمام طرح کے تعمیری کام بند رہیں گے۔ پیر کو دہلی کی سڑکوں پر پانی کے چھڑکا کیے گئے۔دس دنوں تک دہلی میں جنریٹر چلانے پر پابندی رہے گی۔. ایک بار پھر ایک دن طاق اور ایک دن جفت نمبر کی گاڑیوں کے نظام کو عمل میں لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ دہلی میں کوڑے جلانے پر فی الحال مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔دس نومبر سے سڑکوں کو ویکیوم کے ذریعے صاف کیے جانے کا عمل شروع ہوگا۔ مصنوعی بارش پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔کجیریوال نے کہا کہ ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ آلودگی کی سطح اس خطرناک حد تک بڑھ جائے گی۔ ہم فصلوں کے پرال جلانے کو ہی اس کا واحد سبب قرار نہیں دیتے۔