حاجیوں کی واپسی کے لیے ایک اور سہولت

12:38PM Wed 20 Jan, 2016

سعودی وزیر حج نے حاجیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ زائرین کی رہائش کا انتظام کرنے والی کمپنیاں ہی اب ان کی منزلوں پر سامان پہنچانے کی ذمے دار ہوں گی۔ سعودی وزیر حج بندر الحجار کا کہنا ہے کہ ایک نئے نظام کے تحت زائرین کے تیز رفتار اور آرام دہ سفر کے لئے ان کا سامان اب مقامی کمپنیوں کی ذمہ داری ہوگی۔ اس نظام کے تحت تمام زائرین سامان کی فکر کئے بغیر ہی ائیرپورٹ جائیں گے۔ انہیں اب اپنے سامان کا چیک ان کروانے کے لئے کائونٹرز پر انتظار کی زحمت نہیں کرنا پڑے گی۔ وزیر حج کا کہنا تھا کہ مکہ اور مدینہ میں موجود لائسنس یافتہ کمپنیاں ان کا سامان ائیرپورٹ تک پہنچانے کی ذمےدار ہوں گی اور وہی سامان کو جہاز میں رکھوانے کا عمل پورا کریں گی۔ مقدس شہروں سے گھروں کو واپس جانے والے زائرین کے لئے آب زم زم کی فراہمی کے حوالے سے بندر الحجار کا کہنا تھا کہ زم زم کو زائرین کو سعودی عرب لانے والے جہازوں کی واپسی کے وقت ہی رکھوا کر ان کے ممالک میں بھیج جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ زائرین آب زم زم کا مخصوص کردہ کوٹہ اپنے ممالک میں واپس پہنچنے پر وصول کریں گے۔ اب آب زم زم ان کی سعودی عرب سے واپسی پر ان کے سامان کا حصہ نہیں ہوگا۔