ریل حادثے پر صدرجمہوریہ نے افسوس کااظہارکیا

03:21PM Mon 21 Nov, 2016

نئی دہلی، (ایف اویس) صدر پرنب مکھرجی نے اترپردیش کے کانپور کے قریب اندور۔پٹنہ ایکسپریس حادثے میں ہوئی اموات پر آج تعزیت کااظہار کیا۔مکھرجی نے اتر پردیش کے گورنر رام نائیک کو بھیجے ایک پیغام میں کہا کہ مجھے یہ جان کر دکھ ہوا کہ اترپردیش کے کانپور کے قریب اندور۔پٹنہ ایکسپریس کے پٹری سے اترنے سے بہت سے لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر افراد زخمی ہوئے۔صدر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ریاستی حکومت اپنے عزیزوں کو کھو چکے سوگورا خاندانوں کو ہر ممکن مدد اور زخمیوں کو علاج کی سہولت پہنچا رہی ہے۔انہوں نے اس حادثے میں جان گنوانے والے لوگوں کے خاندانوں کو اپنی تعزیت پیش کی۔انہوں نے کہاکہ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ انہیں یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی طاقت اور حوصلہ دے،میں زخمیوں کی تیزی سے صحت مند ہونے کا متمنی ہوں۔اطلاعات و نشریات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے حادثے پر اپنی تعزیت ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی ہے،حادثے میں شہریوں کی موت پر مجھے دکھ ہے،میں سوگوار خاندانوں اور زخمی مسافروں کے لئے دعا کرتا ہوں۔کانپور دیہات ضلع کے پکھرایا کے قریب اندور-پٹنہ ایکسپریس کی 14بوگیوں کے پٹری سے اترنے سے 100سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی شدید زخمی ہو گئے۔