مرڈیشور لائف گارڈ نے سمندر میں ڈوب رہے ایک شخص کو بحفاظت نکال لیا
02:29PM Mon 29 Jul, 2019
بھٹکل: 29 جولائی، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) تعلقہ کے مرڈیشور سمندر میں تیراکی کے دوران تیز موجوں میں بہہ کر ڈوب رہے بیدر کے ایک شخص کو لائف گارڈ عملہ نے پھرتی دکھاتے ہوئے بچالیا ہے۔ جس کی شناخت بیدر کے رہنے والے ساگر یادل (24) کی حیثیت سے کی گئی ہے جوکہ مناپورم گولڈ لون میں ملازم ہے۔
اطلاع کے مطابق مناپورم گولڈ لون کے 20/ملازمین اتوار کے روز تفریح کے لیے مرڈیشور آئے ہوئے تھے جن میں سے پانچ لوگ تیراکی کے لیے سمندر میں اتر گئے ، اس دوران ساگر سمندر کی تیز لہروں میں غوطہ کھانے لگا جسے دیکھ کر لائف گارڈ عملہ نے پھرتی دکھائی اور آن کی آن میں اسے حفاظت کے ساتھ ساحل تک پہنچا دیا۔
ساگر کو اس کے بعد مرڈیشور پولس کے حوالہ کیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے باہر بھیج دیا گیا۔
ریسکیو آپریشن میں چندر شیکھر دیواڑیگا، چندر شیکھر ہری کانت اور ششی دھر نائک موجود تھے۔