بنٹوال کے قریب بھیانک سڑک حادثہ؛ بھٹکل کے موگیر خاندان سے تعلق رکھنے والے چار افراد ہلاک

03:44PM Fri 19 Jul, 2019

مینگلور: 19 جولائی، 19(بھٹکلیس نیوز بیورو) مینگلور کے قریب بنٹوال میں آج صبح تیز رفتار کار کے ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجے میں بھٹکل گاندھی نگر کے مقیم ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ سات افراد شدید زخمی ہیں جس میں دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ مرنے والوں کی شناخت گوند موگیر (55)، اس کی اہلیہ  پدماوتی موگیر(50)، ان کا بیٹا ناگراج موگیر (24)  اورکریکال کے رہنے والے گنیش موگیر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق گھر میں ہوئی  شادی کے بعد  11/افراد پر مشتمل ایک گروپ دھرمستھل میں منجوناتھ مندر گیا ہوا تھا جہاں سے لوٹنے کے دوران بنٹوال کے قریب یہ حادثہ پیش آیا جس میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور دیگر زخمی ہوگئے، زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں جن کی شناخت یشونی اور ورشاکی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ کے فوری بعد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں لے جایا گیا ۔ اس سلسلہ میں بنٹوال پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔