طوفانی بارش کی وجہ سے پانچ منزلہ عمارت کو ڈھانے کا فیصلہ

03:39PM Thu 17 Aug, 2017

بنگلور(بھٹکلیس نیوز ):۔ راجدھانی بنگلور میں کئی دنوں سے ہورہی طوفانی بارش سے کئی عمارتوں اور اپارٹمنٹس کو نقصان پہنچا ہے ۔ایجی پورہ چودھویں کراس پر واقع پانچ منزلہ عمارت خستہ ہونے کی وجہ سے اسے ڈھانے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔وزیر برائے ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی۔ بنگلور ڈیولپمنٹ وزیر کے جے جارج۔ مےئر جی پدماوتی۔ بی بی ایم پی کے کمشنر این منجوناتھ پرساد نے ایجی پورہ کا دورہ کرکے اس خستہ عمارت کے معائنہ کیا۔ بی بی ایم پی کے محکمۂ تعمیرات عامہ کے انجینئروں اور دیگر ماہرین نے بتایا کہ اس عمارت کو ڈھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ یہاں رہنے والے مکینوں کو خالی کرانے کے بعد انہیں محفوظ مقام پر رکھا گیا ہے۔پتہ چلا ہے کہ اس عمارت کے مالک نے صرف دومنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی منظوری لیکر پانچ منزلہ عمارت تعمیر کی ہے ۔اس کے پلرس بہت پتلے اور نازک ہونے کی وجہ سے عمارت کا ایک حصہ جھک گیا ہے ۔اس عمارت کی وجہ سے آزو بازو کے مکانات اور کئی اپارٹمنٹس کی دیواروں میں دراڑ پڑگئی ہے ۔رام لنگا ریڈی نے اس لاپرواہی اور غفلت کے لئے ذمہ دار بی بی ایم پی کے متعلقہ افسران کو ملازمت سے معطل کرکے ان کے خلاف ویویک نگر پولیس تھانہ میں فوجداری مقدمہ دائر کرنے کا حکم دیا۔اب فائرسرویس کا عملہ اور بی بی ایم پی کے ملازمین نے بلڈوزر کے ساتھ موقعہ واردات پر پہنچ کر ڈھانے کا کام شروع کردیا ہے۔ دوسری طرف اس عمارت کا مالک فرار ہوگیا ہے اور اس کے خلاف بھی مقامی پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔