غریبوں کیلئے اب ریاست میں صحت خدمات بالکل مفت وزیراعلیٰ کے ہاتھوں آروگیہ کرناٹک کا اجراء، یونیورسل ہیلتھ اسکیم بی پی ایل اور اے پی ایل تمام کے لئے فائدہ مند

02:31PM Sat 3 Mar, 2018

آروگیہ کرناٹک اسکیم کے تحت بی پی ایل کارڈ ہولڈرس پرائیویٹ اسپتالوں میں مفت علاج کرواسکتے ہیں۔اسکیم کے تحت کوئی بھی بی پی ایل کارڈ ہولڈراگر بیمار ہوجاتے تو وہ سب سے پہلے سرکاری اسپتال جائے گا۔ وہاں کے ڈاکٹر جس کسی بھی پرائیویٹ اسپتال جانے کی ہدایت دیں تو مریض کے سارے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ اے پی ایل کارڈ ہولڈرس کو اس اسکیم کا فائدہ ہوگا۔ پرائیویٹ اسپتال کا30فیصد خرچ حکومت بھرے گی۔ بنگلور۔3؍مارچ(سالار نیوز) ریاستی وزیراعلیٰ سدارامیا نے بروز جمعہ آروگیہ کرناٹک نامی صحت اسکیم کا آغاز کردیا،یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ ہماری حکومت کی جانب سے آج اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام شروع کیاجارہاہے۔ ملک کے کسی بھی ریاست میں اس طرز کا صحت مند پروگرام جاری نہیں کیاگیا۔ ریاست میں متعارف ہورہی ہیلتھ اسکیم ملک کے کسی بھی ریاست میں جاری نہیں ہے۔ غیر منظم کسانوں کو صحت کی سہولتیں فراہمی اور عام عوام کو آسانی کے ساتھ صحت خدمات دستیاب کروانے کے مقصدسے آروگیہ کرناٹک اسکیم جاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت اور انسانی ہمدردی سے خالی کوئی بھی خدمت کوئی بھی پروگرام کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ ہرانسان کی مصیبت اور تکلیف کے وقتوں میں کام آنے کا جذبہ صحت کے شعبہ میں دکھائی دینا چاہئے۔ صحت شعبہ کو چاہئے کہ وہ انسانی ہمدردی کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے عوام کے کام آنے کا مزاج بنائیں ۔ اس موقع پر سدارامیا نے اسپتالوں میں ہورہی غیرانسانی حرکتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب ریاست میں کسی بھی نازک اور حساس موقع پر اسپتالوں میں اگر کوئی انتقال کرجائے توسب سے پہلے میت کو ان کے رشتہ داروں کے حوالے کیاجاناچاہئے۔ علاج ومعالجہ کے اخراجات ادانہ کرنے یا کوئی اور وجہ سے میت کو رشتہ داروں کے حوالے کرنے سے اسپتال اب انکار نہیں کرسکتے ۔ ہماری حکومت اس پر کاربند رہے گی۔کوئی بھی اسپتال میت کو رشتہ داروں کے حوالے کرنے سے کسی بھی وجہ سے انکار نہیں کرسکتا۔ میڈیکل شعبہ کو کاروباری شعبہ میں تبدیل نہیں ہوناچاہئے۔ مریض کے علاج ومعالجہ کا فیصلہ ڈاکٹروں کو کرنا چاہئے۔ ناکہ اسپتال کے انتظامیہ کو انتظامیہ کمیٹی کی مداخلت کی روک تھام کے لئے ہماری حکومت مسلسل کوشش کرتی رہے گی۔سرکاری اسپتالوں کو عوام عبادت گاہ تصور کریں۔ اس اسکیم کے آغاز کے ابتدائی ایام میں ہونے والے مسائل کی یکسوئی کے لئے عوام ہمارے ساتھ دست تعاون بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ اسکیم کے کامیاب طورپر نافذ کرنے کے لئے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے امیدظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ لوگ اس اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے صحت مند زندگی اختیار کریں گے۔ پروگرام کی صدارت ریاستی وزیر برائے حج وشہری ترقیات آر روشن بیگ نے کی۔ اس پروگرام میں ریاستی وزیر صحت رمیش کمار، ایچ ایم ریونا ودیگر قائدین شریک رہے۔