سڑک کے کنارے ناکارہ روشنی کے بلب۔ٹھیکہ داروں پر جرمانہ

04:41AM Fri 21 Dec, 2018

بنگلور21؍دسمبر(ف۔ن) شہر کی مےئر گنگامبکے ملیکارجن نے یلہنکا زون میں مختلف ٹھیکہ داروں پر سڑک کے کنارے روشنی کے بلبوں کی دیکھ بھال میں کوتاہی کے لئے کل تین لاکھ روپئے کا جرمانہ لگایا ہے۔یلہنکا زون کے جائنٹ کمشنر ڈاکٹر ایس ناگاراجو نے بتایا کہ مےئر گنگامبکے کی ہدایات پر اس زون کی تمام گیارہ وارڈوں کی سڑکوں کا مکمل جائزہ لیا گیا تھا ۔ناگا راجو نے مزیدبتایا کہ ’’ہم نے دیکھا کہ ایک ہزار پانچ سو لائٹ کام نہیں کر رہے ہیں ، ہم نے ان سے متعلق ٹھیکہ داروں پر جرمانہ لگانے کے ساتھ ہی انہیں ہدایت دی ہے کہ دس دنوں کے اندر وہ ان تمام لائٹوں کو درست کر دیں‘‘۔درستگی کے عمل کے بعد مےئر گنگامبکے اور بی بی ایم پی کمشنر این منجو ناتھ پرساد نے دوبارہ اس زون میں تین راتوں تک سڑک کے کنارے روشنی کے انتظام کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا تھا اور بتایا کہ نوے فیصد خراب لائٹیں اب کام کر رہی ہیں۔