غیر سند یافتہ ڈاکٹر کے پرائیویٹ کلنک پر پابندی کامطالبہ
01:59PM Tue 3 Jan, 2017
بیدر۔(بھٹکلیس نیوز) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کونسل کے ریاستی نائب صدر شیخ عابدعلی نے آج ایک میمورنڈم ڈپٹی کمشنر بیدر کو پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ غیرقانونی مطب(Clinic) چلانے والے جعلی ، اور غیر سند یافتہ ڈاکٹروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔تفصیلات کے بموجب ضلع بیدر میں ایسے ڈاکٹرس کا جال پھیلا ہواہے جو دہم جماعت تک کامیاب نہیں ہیں لیکن مختلف گاؤں میں اپناکلینک چلاتے ہیں ۔ جس کی اجازت ڈی ایچ او یا ٹی ایچ او سے نہیں لی جاتی۔ چونکہ گاؤں کی عوام خصوصیت سے کسان پڑھے لکھے نہیں ہوتے وہ ایسے غیر سندیافتہ ڈاکٹرس سے اپنا علاج کرواتے ہیں ۔جس کی وجہ سے کئی ایک افراد کی جان بھی چلی جاتی ہے۔ ڈی ایچ او یہ تمام واقعات کو جانتے ہیں تاہم ان جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتے۔ لہذا آپ سے ان جعلی ڈاکٹرس اور میڈیکل پریکٹیشنرس کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی استدعاہے تاکہ غریب عوا م اپنی جانیں بچا سکیں۔جناب شیخ عابدعلی کے بموجب ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایچ آرمہادیو نے تیقن دیا کہ وہ فوری طورپر اس کے خلاف ایکشن لیں گے۔ ***