بی جے پی کو کسی بھی صورت میں اقتدارنہیں ملے گا :سدارامیا وہ صرف حکومت گرانے کاخواب دیکھ رہی ہے۔ کانگریس کے تمام اراکین اسمبلی متحد ہیں
12:23PM Mon 31 Dec, 2018
بنگلور۔31دسمبر( سالارنیوز)ریاستی مخلوط حکومت کی کو آرڈینیشن کمیٹی کے چیرمین اور وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ، کانگریس کے اراکین اسمبلی کو خریدنے کے حربے استعمال کررہی ہے ۔میسور میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کیلئے منڈکل ہوائی اڈہ پر پہنچنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس کے لئے کانگریس کے چند اراکین اسمبلی کو خریدنے میں اپنی دلچسپی دکھا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں اقتدار کا خواب دیکھ رہی بی جے پی کے لیڈر 25سے30کروڑ روپیوں کاآفر دیتے ہوئے اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اتنی بڑی رقم کہاں سے آئے گی اور یہ رقم رشوت خوری کے ذریعہ ہی حاصل شدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف104سیٹوں کو رکھ کر اقتدار کا خواب دیکھنا ٹھیک نہیں ہے ۔ جمہوری نظام میں جس پارٹی کے پاس اکثریت ہوگی وہی پارٹی اقتدار حاصل کرنے کی اہل ہوتی ہے ۔ اس بات کو بی جے پی لیڈر کو ذہن نشین کرلینا چاہئے ۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی صورت میں بی جے پی اقتدار حاصل نہیں کرپائے گی اور فرقہ پرست پارٹی میں کوئی بھی رکن اسمبلی قدم رکھنے کی خواہش ظاہر کرنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے صاف طور پر کہا کہ کانگریس اراکین اسمبلی کو خریدنے کا جو حربہ بی جے پی لیڈر استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں اس میں انہیں ہر گز کامیابی ملنے والی نہیں ہے ۔سدارامیا نے کہا کہ کانگریس کے تمام اراکین اسمبلی متحد ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد جنتادل ( سکیولر) اورکانگریس سے بورڈ اورکارپوریشنوں کے صدور کو نامزد کئے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں قطعی فہرست بہت جلد جاری کردی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت کانگریس کے 20افراد کے ناموں کی ایک فہرست تیار کرکے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے سامنے پیش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 30افراد کو صدور بنایا جائے گا۔ رمیش جارکی ہولی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سدارامیا نے بتایا کہ رمیش سے رابطہ نہیں ہوسکا ہے ۔ وہ نئی دہلی میں ہیں یا ممبئی میں اس کا علم انہیں نہیں ہے ۔ نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور کے پاس موجود امور داخلہ کا قلمدان واپس لے کرایم بی پاٹل کو سونپنے پر دلتوں کے ساتھ نا انصافی کرنے کی ریاستی وزیرایچ ڈی ریونا کے بیان پر سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس بیان کا ریاستی وزیر آر وی دیش پانڈے نے جواب دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے انگریزی میڈیم اسکولس کھولنے سے متعلق وہ وزیر اعلیٰ سے بات چیت کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ انگریزی میڈیم اسکولوں کو شروع کرنے کی کوشش کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کنڑا زبان کے مزیدفروغ کیلئے ادبی حلقو میں انگریزی میڈیم اسکولوں کے قیام کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے ۔ اسلئے اس معاملہ پر قطعی فیصلہ لینے سے قبل وہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس ۔ جنتادل ( سکیولر) مخلوط حکومت کو گرانے کا بی جے پی کا خواب صرف خواب ہی بن کر رہے گا۔کانگریس اراکین اسمبلی آپریشن کنول میں پھنسنے والے نہیں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی اپوزیشن میں بیٹھ کر صرف حکومت گرانے کا کام ہی کرتی آرہی ہے ۔ اس سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کی ہے۔