اکھلیش حکومت کی بے توجہی کی وجہ سے پی ایم رہائشی اسکیم میں پیچھے رہ گیا یوپی:بی جے پی
03:26PM Mon 8 May, 2017
لکھنؤ، (بھٹکلیس نیوز)بی جے پی نے آج الزام لگایا کہ سابقہ اکھلیش یادو حکومت کے ذریعہ غریبوں کو نظر اندازکرنے کی وجہ سے پی ایم رہائشی منصوبہ میں اترپردیش سب سے پیچھے ہے۔بی جے پی کے ریاستی ترجمان منیش شکلا نے میڈیا سے کہاکہ پی ایم رہائشی منصوبہ کے تحت عام لوگوں کو مکان مہیا کرانے کے مقصد سے مرکزی حکومت نے ایک دو نہیں بلکہ 13بار خط لکھا، لیکن صوبے کی سابقہ ایس پی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔شکلا نے کہاکہ اپنی تشہیر کرنے میں سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کو عوام کا دکھ درد یاد نہیں رہا، اب وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی ریاست کی بی جے پی حکومت میں کوئی بھی بغیر مکان کے نہیں رہے گا۔انہوں نے کہاکہ سابقہ اکھلیش حکومت کے غریبوں کے تئیں بے توجہی والے رویہ کی وجہ سے پی ایم رہائشی منصوبہ میں یوپی سب سے پیچھے ہے۔شکلا نے کہا کہ یوگی حکومت نے اتر پردیش کے ہر خاندان کو 2022تک مکان فراہم کرنے کا ہدف رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ایس پی حکومت کے وقت یوپی سے سب سے کم 11000تجاویز بھیجی گئیں ۔ایک سروے کے مطابق ،اتر پردیش میں موجودہ وقت میں تقریبا 29.22لاکھ مکانوں کو ضرورت ہے،یوگی حکومت نے 2018تک 6 لاکھ مکان بنانے کا فیصلہ کیاہے ۔