اتی کرم داروں کی طرف سے کاروار میں زبردست احتجاج؛ مطالبات پورے نہ ہونے پر بینگلور میں دھرنا دینے کی دھمکی

12:26PM Thu 7 Feb, 2019

بھٹکل: 7 فروری،2019 (بھٹکلیس نیوز بیوور) ضلع کے اتی کرم داروں کی جانب سے 6/فروری کو کاروار میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ضلع بھر سے تقریبا 20/ہزار اتی کرم داروں نے شرکت کرتے ہوئے اپنی زمینوں کو رجسٹر کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اتی کرم ہوراٹا سمیتی کے ضلعی صدر مسٹر رویندر نائک نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے اتی کرم ہوراٹا سمیتی غریب عوام کو سر چھپانے کے لیے جگہ فراہم کرنے  ضلعی انتظامیہ پر دباؤ بنانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ضلعی انتظامیہ نے کبھی بھی اس تعلق سے عوام کے مطالبات نہیں سنے ہیں اور ہمیشہ سے ہی وہ اس مسئلے کو نظر انداز کرتے آرہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا آج کا’ کاروار چلو‘ احتجاج ضلع انتظامیہ پر دباؤ بنانے کے لیے ہے۔ اگر اس سے ہمارا مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے تو پھر 12/فروری کو بنگلور کے فریڈم پارک میں زبردست احتجاج کیا جائے گا اگر یہاں بھی ہمارا مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے تو پھر ہمیں مجبوراً ودھان سودھاکا گھیراؤ کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اس موقع پر عوام کی مجبوریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے  سوال کیا  کہ ضلع اتر کینرا میں موجود زمین کا بڑا حصہ جنگلات سے ڈھنکا ہوا ہے ایسے میں بڑھتی ہوئی آبادی اگر اپنا سر چھپانے کے لیے جنگلاتی زمین کو اتی کرم نہیں کرے گی تو پھر کیا کرے گی؟۔ انہوں نے بتایا کہ  برسوں سے جنگلاتی زمین کو اتی کرم کر کے رہنے والے  اتی کرم داروں نے اپنی زمینات کے دستاویزات کا مطالبہ کرتے ہوئے 85700 عرضیاں داخل کی تھیں۔مگر افسران کی بے توجہی سےایک ہی مرتبہ 65,225 کو رد کیا گیا جو کہ غریب عوام پر سراسر ظلم ہے۔ اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے نائب صدر جناب عنایت اللہ شابندری صاحب، جنرل سکریٹری مجلس اصلاح و تنظیم جناب الطاف کھروری صاحب ،بھٹکل اتی کرم ہوراٹا سمیتی کے صدر مسٹر راما موگیر اور دیگر نے بھی اپنے خیالات ظاہر کیے اور عوام کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جانے پر پرزور احتجاج کی دھمکی دی۔