قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے اردو کے فروغ کے لئے کیا یہ اہم فیصلہ

03:23PM Tue 28 Mar, 2017

کولکاتہ۔  اردو ایک ایسی زبان ہے جس نے اپنی مٹھاس سے دنیا کے لوگوں کو اپنا اسیر بنایا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج نہ صرف ایشیائی ملکوں بلکہ دنیا بھر میں اردو زبان کو فروغ مل رہا ہے اور ایسے لوگ اس زبان کو سیکھ رہے ہیں جن کا اس زبان سے کوئی تعلق نہیں رہا ہے ۔ اسی مقبولیت کے پیش نظر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے اردو تحریک کو بین الاقوامی سطح پر آگے لے جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کولکاتہ کی عالیہ یونیورسیٹی میں قومی کونسل وبزم صدف انٹرنیشنل  کے اشتراک  سے منعقد سمینار میں کونسل کے ڈائریکٹرڈاکٹر ارتضی کریم نے یہ باتیں کہیں ۔ حکومت ہند کے ماتحت کام کررہے محکمہ نے اردو کے فروغ کے لئے بین الاقوامی سطح پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت کونسل  اپنے پروگراموں میں ہندوستان کے مختلف شہروں سمیت غیر ملکی اردو ادیبوں و شعراء کو بھی مدعو کررہی ہے تاکہ دنیا میں ہورہے اردو کاز کو اردو داں طبقے کے سامنے لایا جاسکے ۔ قومی کونسل کے مطابق ملکی و غیر ملکی اردو ادیبوں کو ساتھ لانے کی کوشش نے اردو کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے یہی وجہ ہے کہ قومی کونسل کو امریکہ ، کینیڈا ، برطانیہ و یو اے ای  سے بھی اردو کانفرس کے انعقاد کی درخواست کی گئی ہے ۔ کونسل کے چیئرمین ارتضی کریم نے اگلی اردو کانفرنس ملک سے باہر منعقد کرنے کی توقع ظاہر کی ہے ۔