جمعیت کا مقصد اس ملک سے ظلم کا خاتمہ ہے؛ مولانا ارشد مدنی
02:39PM Fri 25 Dec, 2015
ملک کی عوام تک ان کی امانت پہنچانا بڑی ذمہ داری کا کام ہے؛مولانا الیاس ندوی
بھٹکلیس نیوز / 25 دسمبر، 15
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) "اس ملک میں مسلمانوں کو دبانے اور ان کے حقوق کو غصب کرنے کی بے انتہا کوششیں ہورہی ہیں لیکن ملک کی اکثریت نے انتہا پسندوں کے مقاصد کو سمجھا ہوا ہے اور ہمیشہ ان کے مقاصد کو ناکام بنارہے ہیں۔ جمعیت علماء ہند بھی یہی کام کر رہی ہے اس کا مقصد سیاست اور اقتدار نہیں بلکہ اس ملک سے ظلم کا خاتمہ ہے"۔ان خیالات کااظہار صدر جمعیت علماء ہند حضرت مولانا ارشد مدنی صاحب نے کیا ۔وہ کل رات یہاں نوائط کالونی کے تنظیم میدان میں مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے زیر اہتمام منعقد کئے گئے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔مولانا موصوف نے کہا کہ اس ملک میں اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں پر نت نئے حربے استعمال کر کے انہیں ذلیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اس ملک کا مسلمان الحمد للہ صبر و استقلال کے ساتھ اپنے دین پر قائم ہے۔لیکن انتہا پسندوں کی کارستانی بھی بہت دیر نہیں چلنے والی وہ ایک نہ ایک دن اپنے ہی جال میں پھنس جائیں گے۔
مولانا موصوف نے اصلاح معاشرہ کے تعلق سے ایک لمبی حدیث کاخلاصہ بیان کیا جس میں معاشرہ کی اصلاح کے لئے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے 15/نکات کا تذکرہ کیا ہے۔مولانا محترم نے حدیث کی روشنی میں دین کی امانت کو غیر مسلموں تک پہنچانے کی تاکید کی اور اسے تمام مسلمانوں کی ذمہ داری بتلایا۔
مولانا عبدالسبحان ناخدا ندوی نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ کی بعثت کے دو اہم مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعثت کا اہم مقصد بندوں کو اللہ سے جوڑنا اور بندوں کو بندوں سے جوڑنا ہے۔مولانا موصوف نے نماز کی پابندی اور معاشرہ کے کمزور طبقات پر ظلم کرنے سے روکنے کی بھی تاکید کی۔
مولانا الیاس صاحب جاکٹی نے سیرت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت کا پیغام سب تک پہنچانا بہت ضروری ہے ورنہ ہم سب اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ مولانا محترم نے اپنے ساتھ کام کرنے والے غیر مسلموں کو سیرت کا پیغام پہنچانے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے اپنا پیغام ان تک نہیں پہنچایا تو ہو سکتا ہے وہ قیامت کا دن ہمارا گریبان پکڑیں اور ہمیں اللہ تعالیٰ جنت میں جانے سے روک دیں ۔ مولانا اس بات پر بھی افسوس ظاہر کیا کہ امت مسلمہ میں آج دعوت دین کے سلسلہ میں بہت غفلت پیدا ہورہی ہے جس کی وجہ سے ہم ہر جگہ پٹے جارہے ہیں۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے اس پروگرام میں سنی ہوئی باتوں پر عمل کرنے کی درخواست کی۔
اجلاس کا آغاز مولوی مزمل کی تلاوت سے ہوا،جس کے بعد انیس بڈو نے حمد پیش کی۔ صدر جماعت جمولانا جعفر فقیہ ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف کیا۔نظامت کے فرائض مولوی شعیب جوکاکو ندوی اور مولوی یاسین نائطے نے انجام دئے اجلاس کا اختتام مولوی ارشاد نائطے ندوی کے شکریہ کلمات کے بعد قاضی جماعت المسلمین جناب مولانا اقبال ملا ندو ی کی دعا پر ہوا۔
ڈائس پر جناب ایس ایم خلیل الرحمٰن صاحب،جناب قاضیا مزمل صاحب، جناب محتشم عبدالرحمٰن صاحب،جناب مولانا ایمن قمری صاحب،جناب صادق پلور صاحب وغیرہ موجود تھے۔