جے این یو کے لاپتہ طالب علم نجیب معاملے میں سی بی آئی نے عدالت میں فائل کی کلوزررپورٹ

03:03PM Mon 15 Oct, 2018

دہلی ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو گمشدہ طالب علم معاملے میں سی آر لگانے کی اجازت دے دی ہے۔ سی بی آئی نے نجیب کے نہ ملنے پرہائی کورٹ سے کلوزررپورٹ داخل کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ اس سے قبل سی بی آئی کی طرف سے ہائی کورٹ کو بتایا گیا تھا کہ نجیب کو غائب ہوئے ایک سال 11 ماہ اور 14 دن ہوگئے ہیں، لیکن سی بی آئی کو نجیب کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ پوری کوشش کی گئی، لیکن کہیں بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ جسٹس ایس مرلی دھراور جسٹس ونود گوئل کی بینچ نے گمشدہ طالب علم نجیب کی ماں کی عرضی پرفیصلہ 4 ستمبرکو محفوظ کرلیا تھا۔ عدالت نے طالب علم کی ماں اورسی بی آئی کی دلیلوں پر سماعت پوری کی تھی۔ سی بی آئی نے گزشتہ سال 16 مئی کو معاملے کی جانچ سنبھالی تھی۔ پندرہ اکتوبر 2016 کو نجیب جے این یو کے ماہی مانڈوی ہاسٹل سے لاپتہ ہوگیا تھا۔ اس سے قبل گزشتہ اے بی وی پی کے کارکنان سے لڑائی ہوگئی تھی اور ان لوگوں پرنجیب کے ساتھ خطرناک مارپیٹ کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔ اس پورے معاملے پرپورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اورکئی سیاسی پارٹیوں کے لیڈران بھی سڑکوں پرآئے، لیکن یہ معاملہ نہیں حل ہوسکا۔