پرینکا گاندھی کو نہیں ملی سون بھدر جانے کی اجازت، مرزا پور میں ہوئی متاثرین سے ملاقات

10:15AM Sat 20 Jul, 2019

اترپردیش کے سون بھدر جانے کی ضد پر قائم کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے24 گھنٹے کے دھرنے کے بعد چنار گیسٹ ہاؤس کے باہر متاثرین سے ملاقات کی۔ متاثرہ خواتین سے مل کر پرینکا گاندھی کافی جذباتی ہو گئیں۔ انہوں نے گلے مل کر خواتین کو ڈھارس بندھائی۔ اس دوران پرینکا کی آنکھوں سے آنسو چھلک آئے۔ قبل ازیں، گیسٹ ہاؤس کے باہر متاثرین نے کہا کہ انہیں گیسٹ ہاؤس آنے سے روکا جا رہا ہے۔ وہ 15 لوگ ہیں اور وہ صرف پرینکا گاندھی سے ملنے آئے ہیں۔ خواتین بھی آئی ہیں۔ اس سے پہلے پرینکا گاندھی نے واضح کر دیا تھا کہ جب تک وہ متاثرہ کنبوں سے ملاقات نہیں کر لیں گی تب تک وہ واپس نہیں جائیں گی۔
 پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’ میں قانون کی خلاف وزری نہیں کرنا چاہتی۔ میں نے انتظامیہ سے کہا ہے کہ اگر سون بھدر میں دفعہ 144 نافذ ہے تو وہ کسی اور جگہ میری ملاقات کرا سکتی ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ وہ متاثرہ کنبوں سے مرزاپور یا وارانسی میں بھی مل سکتی ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ’’ ایک بار متاثرین سے ملاقات کر لوں، پھر چلی جاؤں گی۔ لیکن ان سے ملاقات کئے بغیر کہیں نہیں جاؤں گی‘‘۔