رکن اسمبلی کی ترقیاتی کاموں سے جے ڈی ایس اور بی جے پی میں کھلبلی مچی ہے؛ وٹھل نائک

01:58PM Mon 20 Mar, 2017

بھٹکلیس نیوز / 20 مارچ، 17 بھٹکل / (نامہ نگار) "بھٹکل ہوناور تعلقہ کے رکن اسمبلی مسٹر منکال ویدیا نے اپنے دور میں جو ترقیاتی کام کئے ہیں وہ اس سے پہلے کسی رکن اسمبلی نے نہیں کئے ہیں۔ ان ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر دوسری پارٹی کے لیڈران میں کھلبلی مچی ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ اخباری کانفرنسوں میں موجودہ ایم ایل کے خلاف غلط سلط الزامات لگا رہے ہیں"۔ یہ بات بھٹکل بلاک کانگریس صدر مسٹر وٹھل نائک نے کانگریس کے نئے دفتر میں منعقد اخباری کانفرنس میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ ایم ایل نے سابقہ رکن اسمبلی کے ادھورے تمام کاموں کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھٹکل تعلقہ میں منکال وئیدیا ایسے پہلے ایم ایل ہیں جو اپنے حلقہ کے لئے 800/کروڑ روپیوں کا فنڈ منظور کروانے میں کامیاب ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بھٹکل میں جگہ جگہ اچھی سڑکیں اور مختلف ترقیاتی کام ہوتا نظر آرہا ہے۔ انہو ں نے اس موقع پر رکن اسمبلی کی طرف سے کئے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کی تفصیلات گناتے ہوئے کہا کہ اس ایم ایل اے کے دور میں بہت سے ایسے دیہاتوں میں بجلی اور پانی اور اچھی سڑکوں کا بندو بست کیا گیا ہے جہاں آزادی کے بعد سے یا تو بجلی ہی نہیں تھی یا پھر انہیں اچھی پختہ سڑکیں دیکھنا نصیب نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے دوسرے پارٹی کے لیڈروں کے الزمات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان سب کے لئے ایم ایل اے اپنے طور پر پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن حزب مخالف کی طرف سے روڑے اٹکانے کے سبب یہ کام ادھورا پڑا ہوا ہے۔ انہوں نے ان تمام الزامات کو سستی شہرت بٹورنے کا  آسان طریقہ قرار دیتے ہوئے ان کو سیاسی بیان بازی قرار دیا۔ اس اخباری کانفرنس میں ضلع پنچایت ممبرا سندھو بھاسکر، تعلقہ پنچایت نائب صدر وادھا ویدیا، جالی پٹن پنچایت کے صدر جناب عبدالرحیم شیخ، ہیسکام ڈائریکٹر منجوناتھ نائک اور دیگر حضرات موجود تھے۔ (ترجمہ : اے جے اسدی)