اے ایم یو طلباء کی حمایت میں پوری دنیا میں احتجاج کیا جائے گا: اے ایم یو اولڈ بوائزکا اعلان

04:51AM Mon 7 May, 2018

نئی دہلی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں محمد علی جناح کی تصویر کو لے کر جاری تنازع کے درمیان اے ایم یو کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کے درمیان اب اے ایم یو اولڈ بوائز نے سخت فیصلہ کیا ہے.اولڈ بوائز نے میٹنگ کرکے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ طلباء پر ہوئے حملے کا معاملہ دہلی ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اٹھائیں گے. نیویارک، انگلینڈ، دبئی اور مراکش سمیت بیرون ممالک میں احتجاج کیا جائے گا. دہلی واقع انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں منعقدہ میٹنگ کے بعد اے ایم یو اولڈ بوائز دہلی کے صدر ارشاد احمد اور انجینئر خالد علیگ ممبر اولڈ بوائز ایسوسی ایشن، دہلی نے بتایا کہ میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے طلباء پر ظلم کیا گیا ہے. اسے برداشت نہیں کیا جاسکتا. اولڈ بوائز کے لیڈروں نے کہا کہ ابھی دہلی میں اولڈ بوائز بھوک ہڑتال بھی کریں گے. اولڈ بوائز پوری طرح سے طلباء اور یونیورسٹی کے ساتھ ہیں. انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی کی شبیہ منظم سازش کے تحت خراب کی جارہی ہے. اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے.