رابطہ سوسائٹی کے زیر اہتمام ہندومسلم گیٹ ٹو گیدر پروگرام کا انعقاد
03:29PM Mon 19 Aug, 2013
رابطہ سوسائٹی کے زیر اہتمام ہندومسلم گیٹ ٹو گیدر پروگرام کا انعقاد
بھٹکلیس نیوز / 19اگست 13
بھٹکل (رضوان گنگاولی) ہندومسلم بھائی چارگی کی فضا بہتر بنانے کے لئے کل یہاں رابطہ سوسائٹی کے زیر اہتمام مینگو فارم میں ہندومسلم گیڈ ٹو گیدر پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ جس کا آغاز تلاوت کلام سے کیا گیا ۔ رابطہ کے نو منتخب صدر اور قائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمٰن صاحب نے اپنے تأثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں ہندومسلم اتحاد کو اور بھائی چارگی کو مضبوط بنانے کے لئے ہندومسلم کی ایک کمیٹی تشکلیل دینی چاہئے جس میں دونوں مذہب کے لیڈرموجود ہوں اور اگر بھٹکل میں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو یہ کمیٹی اسے حل کرے ۔ موصوف نے اس موقع پر بھٹکل کو تعلیمی سینٹر بنائے جانے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس مواقع اور تمام تر سہولیات موجود ہیں ۔ موصوف نے یہاں میڈکل کالج قائم کرنے کے جانب بھی لیڈران کی توجہ مبذول کرائی ۔ انہوں نے میڈیا میں بھٹکل کو بدنام کرنے کی سازش کے تعلق سے کہا کہ میڈیا میں جو بھی بھٹکل کے خلاف غلط اور بے بنیاد چیزیں شائع کر رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی چل رہی ہے اور امید ہے کہ جلد ہمیں اس میں کامیابی ملے گی ۔ سماجی کارکن مسٹر سریندر شانبھاگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل کو بیرون شہر کی میڈیا بدنام کررہی ہے اگر یہ میڈیا بھٹکل کی اصل تصویر اور یہاں کے ہندومسلم بھائی چارگی کو نشر کریں تو آج یہ شہر بدنام نہیں ہوتا ۔ آج بھٹکلی کہنے پر شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اب ہم شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ ہم ہماری بدنامی کے داغ کو دور کریں ۔ اورایک مہمان خصوصی بھٹکل ایم ایل اے مسٹر منکال ویدیا نے اپنے تأثرات میں کہا کہ بے حد خوشی کی بات ہے کہ گذشتہ پندرہ سالوں سے رابطہ سوسائٹی بھٹکل میں امن کی فضا کو قائم رکھنے اور دونوں فرقوں کے درمیان تفریق کو مٹانے اور بھائی چارگی کی فضا کو بہتر بنانے کے لئے ہندومسلم گیٹ ٹو گیدر پروگرام انعقاد کرتے آرہی ہے ۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر ضرار صاحب اور عنایت اللہ شاہ بندری صاحب اور مسٹر کرشنا نائک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ جناب ایس جے ہاشم صاحب نے رابطہ کا تعارف پیش کیا اور جناب محی الدین صاحب نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ مولوی سید ہاشم ایس ایم ندوی کے شکریہ کلمات پر جلسہ اختتام پذیر ہوا ۔