پی اے سی کی میٹنگ: وزارت خزانہ کے افسر نہیں دے پائے نوٹ بند ی کے بعد جمع رقم کا حساب
02:27PM Sat 11 Feb, 2017
نئی دہلی، 10؍فروری(آئی این ایس انڈیا)پی اے سی کی میٹنگ میں ارکان نے نوٹ بند ی کے بعد بینکوں میں جمع رقم کا اعداد و شمار مانگا ہے۔ذرائع کے مطابق ،وزارت خزانہ کے افسر ایک بار پھر کوئی واضح جواب نہیں دے پائے۔حکام نے کہا کہ کہا کہ آر بی آئی جمع کی گئی رقم کی مسلسل گنتی کررہاہے۔وزارت خزانہ کے اس غیر واضح جواب کو لے کر کچھ پی اے سی ارکان نے ناراضگی کا بھی اظہار کیا ہے۔ارکان نے کہا کہ بینکوں میں نقد رقم کے ریکارڈ کی روزانہ گنتی ہوتی ہے، لیکن ڈیڑھ ماہ بعد بھی اعداد و شمار نہیں مل پا رہے ہیں ۔وزارت خزانہ کے حکام نے اس کے بعد تحریری طور پر جواب بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اس سے پہلے 20؍جنوری کو ہوئی پی اے سی کی میٹنگ میں آر بی آئی گورنر کو طلب کیا گیا تھا، اس وقت اس میٹنگ میں بجٹ کی تیاریوں میں مصروف وزارت خزانہ کے افسر شامل نہیں ہو پائے تھے۔واضح رہے کہ 8 ؍نومبر 2016کو مرکزی حکومت کی طرف سے 1000اور 500کے نوٹ بند کر دئے جانے کے بعد بڑے پیمانے پر لوگوں نے اپنے پرانے نوٹ بینکوں میں جمع کرائے تھے۔