کانگریس سے اتحاد کی بات پر بولے اروند کیجریوال، انہوں نے تقریبا منع کر دیا

12:22PM Thu 14 Feb, 2019

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ساتھ اتحاد پر وضاحت دیتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ابھی کوئی رضامندی نہیں ہوسکی ہے۔ دہلی کے لیفٹننٹ گورنر اور وزیراعلی کے اختیارات پر جمعرات کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بلائی گئی پریس کانفرنس میں کیجریوال نے عام انتخابات میں کانگریس کے ساتھ اتحاد پر کہا کہ ابھی اس سمت میں کوئی رضامندی نہیں ہوسکی ہے۔ عام انتخابات میں اتحاد کے تعلق سے ایک دیگر سوال پر وزیراعلی نے کہا کہ انہوں نے (کانگریس) نے تقریباًً منع کردیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی طرف سے بدھ کو جنتر منتر پر ہوئی ریلی میں بھی کانگریس کے صدر راہل گاندھی شامل نہیں ہوئے تھے۔ کانگریس کی طرف سے اس ریلی میں پارٹی کے سینئر لیڈر آنند شرما نے شرکت کی تھی۔ نامہ نگاروں کے یہ پوچھے جانے پر کہ اتحاد کے تعلق سے آپ کافی پرجوش تھے ، اس پر وزیراعلی نے کہا کہ ہمارے دل میں ملک کے لئے بہت فکر ہے۔ اسی وجہ سے ہم ایسا چاہتے تھے لیکن انہوں نے (کانگریس) نے تقریباًً منع ہی کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے دہلی حکومت کے اختیارات کے تعلق سے دیئے گئے فیصلے کو کیجریوال نے افسوسناک اور دہلی کے عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا صرف ایک ہی توڑ ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں آپ عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیکر ساتوں سیٹوں پر کامیاب بنائیں۔