وزیر داخلہ کی طرف سے رمضان المبارک میں لاک ڈاؤن کی پابندی کرنے کے احکامات؛ ضلعی افسران اور مسلم قائدین کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
12:50PM Sat 18 Apr, 2020
بھٹکل: 18 اپریل، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی وزیر داخلہ بسوراج بومائی نے جمعہ کے روز ضلعی افسران اور مسلم لیڈران سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات کی۔ انہوں نے اس کانفرنس میں رمضان کے دوران عوام کو لاک داؤن کی پابندی کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مرکزی حکومت کی طرف سے اگلا حکم نہیں ملتا اس وقت تک لاک ڈاؤن کی پابندی کرنا لازمی ہے۔
انہوں نے عوام کو افسران کے ساتھ تعاون کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کرناٹک وقف بورڈ نے بھی اس سلسلہ میں عوام کو ہدایات جاری کی ہیں ان پر لازمی عمل کریں۔
انہوں نے ضلعی افسران کو کہا کہ کورونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے اور شمالی کینرا میں اس کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔
مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے اس موقع پر نمائندگی کرتے ہوئے وڈیو کانفرنسنگ میں جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے، جناب عنایت اللہ شاہ بندری اور جناب محمد صادق مٹّا صاحب موجود تھے ۔ عنایت اللہ شابندری صاحب نے اس موقع پر وزیر داخلہ سے ایمبولینس کو اترکینرا ضلع سے دوسرے ضلع میں جانے کے لیے ہورہی مشکلات کو بیان کیا اور اس کو دور کرنے کی گزارش کی۔
بھٹکل میں اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایس پی اور دیگر افسران اس ویڈیو کانفرنس سے جڑے ہوئے تھے جبکہ کاروار سے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر شیوپرکاش دیوراج او مسلم قائدین جڑے تھے۔