ہندوستان اور امریکا میں حساس دفاعی ٹیکنالوجی کے معاہدے پر دستخط
03:30PM Thu 6 Sep, 2018
نئی دہلی: امریکا اور ہندوستان کے درمیان اہم فوجی معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت بھارت امریکا سے حساس دفاعی ٹیکنالوجی کی خریداری کرسکے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو اور وزیر دفاع جیمس میٹس بھارت کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر دفاع نرملا سیتارامن سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سیاسی تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
جیمس میٹس اور نرملا ستھارامان نے اہم فوجی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت بھارت امریکی حساس دفاعی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرسکے گا۔ اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ سرحدی دہشتگردی روکنے کے لیے دونوں ممالک کا ایک نظریہ ہے، امریکا نے نیوکلیئرسپلائی گروپ میں بھارت کی شمولیت کیلیے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔