اردو صحافی سرکاری پنشن سے محروم کیوں؟
04:28PM Fri 7 Jul, 2017
بنگلور:(بھٹکلیس نیوز ) صحافیوں کیلئے پنشن دےئے جانے سے متعلق بنائی گئی سرکاری کمیٹی کا آج پہلا اجلاس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائر کٹر مسٹر وشوکمار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سات رکنی کمیٹی میں سینئر صحافی جناب صدیق الدوری بھی شامل ہیں۔ اجلاس میں صحافیوں کو پنشن دےئے جانے کے طریقے اور قوانین کاجائزہ لیا گیا ۔ جوپہلے سے مرتب ہیں۔ موجودہ قوانین کے تحت ان صحافیوں کو ماہانہ دس ہزارروپئے کی پنشن دی جائے گی۔ جن کی عمر60سال سے زائد ہو اور اخبارات میں ان کی خدمات 25سال سے کم نہ ہو اور مالی حالت خستہ ہو ۔کنٹرا اخبارات کے صحافی پنشن حاصل کرنے کے اہل ہوں گے اور وہ بھی صرف روزنامہ اخبارات میں خدمات کئے ہوں۔میٹنگ میں جناب صدیق الدوری نے آواز اٹھائی کہ صرف کنڑا اخبار کے صحافی ہی پنشن کے اہل کیوں؟ اُردو اور دیگر زبانوں کے صحافی اس سے محروم کیوں؟ اس سوال کے بعد دیگر زبانوں سے تعلق رکھنے والے کمیٹی کے ممبران نے بھی صدیق الدوری کی حمایت میں آواز اٹھائی ۔ میٹنگ کی صدارت کررہے مسٹر وشو کمار نے بتایا کہ یہ پہلے سے بنے ہوئے قوانین ہیں ہم حکومت کو لکھ کر اُردو اور دیگر زبانوں کے صحافیوں کو بھی شامل کرنے کی سفارش کریں گے۔ اس طرح یہ بات حکو مت کو لکھنا طے ہوا۔