انڈین مجاہدین نام کی کوئی تنظیم ملک میں موجود نہیں
11:33AM Wed 24 Jul, 2013
انڈین مجاہدین نام کی کوئی تنظیم ملک میں موجود نہیں ؛ڈاکٹر شکیل احمد
بھٹکلیس نیوز /24جولائ 13
نئی دہلی (پریس ریلیز)کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر شکیل احمد سے منسوب انڈین مجاہدین سے متعلق بیان پر قیم جماعت اسلامی ہند جناب نصرت علی نے کل موصوف کو ارسال کیے گئے ایک خط میں لکھا ہے کہ آج اخبارات میں آپ سے منسوب بیان کہ "دہشت گرد تنظیم انڈین مجاہدین گجرات فسادات کی دین ہے" پڑھ کر سخت تکلیف ہوئی۔ گویا آپ یہ تسلیم کرتے ہیں اور اس کی شہادت دیتے ہیں کہ "انڈین مجاہدین" نامی تنظیم قائم اور موجود ہے۔ آپ کے مبینہ بیان سے یہ مفہوم واضح ہوتا ہے کہ مسلمانوں نے گجرات فساد کا انتقام لینے کے لئے یہ دہشت گرد تنظیم قائم کی ہے اور جگہ جگہ ہونے والے جن دہشت گردانہ واقعات میں میڈیا کے ذریعہ جس انڈین مجاہدین تنظیم کا نام لیا جاتا ہے وہ وہی انڈین مجاہدین ہے جس کو مسلمانوںنے گجرات فساد کے بعد قائم کیا تھا۔ اس طرح مسلمانوں پر میڈیا اور سرکاری خفیہ ایجنسیوں اور پولیس کے ذریعہ لگائے جانے والے دہشت گردی کے الزامات کی توثیق ہوتی ہے۔
قیم جماعت نے مزید لکھا ہے کہ اس سلسلے میں عرض ہے کہ کانگریس اور بی جے پی میں چلنے والی سیاسی نوک جھونک میں مسلمانوں کی پوزیشن غیر ضروری طور پر مجروح ہوئی ہے، جب کہ پورے ملک کے مسلمان ،بالخصوص ان کا باشعور طبقہ یہ احساس رکھتا ہے کہ "انڈین مجاہدین" نام کی کوئی تنظیم ملک میں موجود ہی نہیں ہے۔ اگر ہے تو اِس تنظیم کے دفتر کے پتہ اور ذمہ داران کی تفصیلات سے آج تک حکومت یا خفیہ ایجنسیاں عوام کو آگاہ نہیں کرسکی ہیں، بلکہ کچھ لوگوں کا یہ بھی احساس ہے کہ "انڈین مجاہدین" کا نام خود حکومت اور اس کی خفیہ ایجنسیوں کا تراشیدہ ہے جس کو استعمال کرکے مسلمانوں کے تشخص کو مجروح کرنے اور ان کے کردار کو مشتبہ بنانے کا کام کیاجاتا ہے۔