نااہل ہونے والے ہیں گوتم گمبھیر، ووٹ خراب مت کرنا، دہلی والوں سے کیجریوال کی اپیل

01:18PM Fri 26 Apr, 2019

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی لیڈر آتشی نے بی جے پی امیدوار گوتم گمبھیر کے خلاف ایک شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ دو جگہ سے ووٹر ہیں۔ انہوں نے دفعہ (2) 155 کے تحت تیس ہزاری کورٹ میں شکایت درج کر معاملے کی پولس جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
آتشی نے ٹوئٹر پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا گوتم گمبھیر کا نام قرول باغ اور راجندر نگر دونوں اسمبلی حلقوں میں ووٹر کے طور پر درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگی قانون 1950 کی دفعہ 17 کے تحت کوئی شخص دو اسمبلی حلقوں سے ووٹر نہیں ہوسکتا۔ قانون کی دفعہ 31 میں التزام ہے کہ ووٹر لسٹ میں نام کے بارے میں غلط اطلاع دینے پر ایک سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔
 آپ امیدوار نے کہا کہ نامزدگی کے وقت الیکشن افسر کو دئے گئے حلف نامہ میں بھی گوتم گمبھیر نے یہ اطلاع چھپائی ہے کہ ان کا نام قرول باغ اسمبلی حلقہ میں بھی ووٹر کی شکل میں درج ہے۔ حلف نامے میں انہوں نے کہا کہ وہ راجندر نگر اسمبلی سیٹ سے ووٹر ہیں۔ اس معاملے میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار نے فوجداری شکایت درج کرائی ہے۔
 آتشی نے ایک دیگر ٹوئٹ میں مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ کے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ گمبھیر کو ووٹ دے کر اپنا ووٹ برباد نہ کریں کیوں کہ دو ووٹر شناختی کارڈ ہونے کی وجہ سے آج نہیں تو کل ا ن کا انتخاب رد ہونا ہے۔