راجناتھ سنگھ نے ریاستوں کوروہنگیا پناہ گزینوں کے بایومیٹرک ڈیٹا جمع کرنے کا حکم دیا
03:06PM Mon 1 Oct, 2018
وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے پیرکو کہا کہ انہوں نے ریاستوں کو روہنگیا پناہ گزینوں کی اطلاعات اکٹھا کرنے کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لئے ریاستوں سے ان کا بایومیٹرک تفصیل جمع کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز سفارتی ذرائع سے جمع کئےگئے بایومیٹرک تفصیل میانمارکو بھیجے گا۔ راجناتھ سنگھ نے بین ریاستی تعلقات اورسیکورٹی معاملوں سے متعلق معاملات پرغورکرنے کے لئے مشرقی علاقائی کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی۔
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی، جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ رگھوورداس اوربہارکے نائب وزیراعلیٰ سشیل کمارمودی اس میٹنگ میں شامل ہوئے۔ اوڈیشہ کی طرف سے اس میٹنگ میں وزیرخزانہ ششی بھوشن بیہرا نے حصہ لیا۔ مرکزی وزیرنے کہا کہ ریاستوں کو سینٹرل فورسیزکی ضرورت ہے، جسے مرکز ضروریات کے مطابق مہیا کرائے گا۔