’’محی الدین حاجنی علیگ: کشمیری زبان و ادب میں تعاون‘‘ موضوع پر قومی کانفرنس کا انعقاد

02:30PM Sun 19 Mar, 2017

علی گڑھ ،(بھٹکلیس نیوز)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ماڈرن انڈین لینگویجیز شعبہ کے زیرِ اہتمام کشمیری زبان کے معروف قلم کارپروفیسر محی الدین حاجنی علیگ کے 100ویں یومِ پیدائش کے موقعہ پر’’ محی الدین حاجنی علیگ: کشمیری زبان و ادب میں تعاون‘‘ موضوع پر قومی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔افتتاحی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے آرٹس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر شیخ مستان نے کہا کہ حاجنی صاحب کشمیری زبان کے معروف ادیب تھے اور اس سے قبل وہ ہماری یونیورسٹی کے سابق طالب علم تھے۔ پروفیسر حاجنی نے یہاں سے تعلیم حاصل کی اور کشمیری زبان کے فروغ اور ترویج و اشاعت میں قابلِ ذکر تعاون پیش کیا۔ پروفیسر مستان نے کہا کہ ان کو ایک ادیب، نقاد، ناٹک نویس اور مترجم کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر ثناء اللہ پرواز نے کہا کہ حاجنی صاحب کی تحریر میں قرآن اور سائنس کے نظریات پائے جاتے ہیں اور یوروپین کے اسلام اور قرآن کے بارے میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب سرسید کی طرح حاجنی نے بھی دیا تھا۔ وہ اپنے ادب سے سماج کو علم و فضیلت عطا کرتے تھے اور اپنے عہد سے آگے کی فکر کے مالک تھے۔ کشمیری زبان اور ثقافت کے لئے ان کا عظیم کام ہے۔پروگرام کے آرگنائزنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر مشتاق احمد زرگر نے کہاکہ حاجنی صاحب کشمیری تہذیب کے علمبردارتھے۔انہوں نے ادبی مہم بھی چلائی تھی۔ وہ کشمیری زبان کے باوا آدم تھے۔انہوں نے الف لیلےٰ اور مولانا حالی کی مدو جزر اسلام کا کشمیری زبان میں ترجمہ بھی کیا تھا۔ اسلامی تاریخ اور ثقافت ان کی تحریر کا خاصہ تھی۔اس قومی کانفرنس میں ڈاکٹرمشتاق احمد زرگر کی کتاب کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ حاضرین کا خیر مقدم ڈاکٹر عبدالمجید خاں نے کیاجبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر طاہر پٹھان اورڈاکٹر امینہ خاتون نے انجام دئے۔پروفیسر ستیشن نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں جموں اینڈ کشمیری اکادمی آف آرٹس، کلچر اینڈ لینگویج کے چیف عبدالرحیم اور ان کے ساتھیوں نے صوفی کلام پیش کیا۔ کانفرنس کا انعقاد ڈاکٹرعزیزحاجنی سکریٹری جموں اینڈ کشمیر اکادمی آف آرٹس کلچر اینڈ لینگویج کے زیرِ اہتمام عمل میں آیا۔