سیاسی فائدہ کیلئے ٹیپوکی مخالفت:کرشنابائرے گوڈا اقتدار پر رہتے ہوئے بی جے پی نے ٹیپوجینتی منائی ہے،اب منافقانہ رویہ سماج کی تقسیم کیلئے ہے
11:43AM Tue 7 Nov, 2017
بنگلورو:6؍نومبر(سالارنیوز) ریاستی وزیر برائے زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ جب بی جے پی اقتدار پر تھی تو اس بی جے پی کے تمام رہنماؤں نے ٹیپوجینتی بڑے فخر کے ساتھ منایا تھا۔ انہوں نے آج یہاں مذہبی اور زراعتی اعتبار سے علاحدہ درجہ کی مانگ کررہے لنگایت طبقہ کی جانب سے ٹیپوسلطان پرمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی ٹیپوسلطان کے یوم پیدائش کے تعلق سے منافقانہ رویہ اختیار کرکے سیاسی میدان میں فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ یادرہے کہ ٹیپو جینتی کو لے کر ریاست میں مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے نے ایک تنازع کھڑا کردیاہے۔ آپ اس تعلق سے کیا کہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کس قدر مزاحیہ اور مضحکہ خیز بات ہے کہ بی جے پی کے تمام اعلیٰ رہنماؤں نے اس وقت ٹیپو جینتی بڑے فخر کے ساتھ منایا ہے جب وہ اقتدار کی کرسی پر براجمان تھے اور اب انہوں نے اس کو ایک مسئلہ بنادیاہے۔ اس لئے کہ ہماری حکومت نے اس کو حکومتی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسے ایک سرکاری شناخت فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ بی جے پی ایک انتہائی مفاد پرست پارٹی ہے ۔ انہوں نے اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے کرناٹک میں ایک نیا مسئلہ کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ جبکہ ماضی میں انہوں نے ٹیپوجینتی کو بڑے شوق سے منایا ہے اور ٹیپوجینتی کے جشن کی وہ تصاویر، ویڈیوز اور تقاریر آج بھی بطور ثبوت موجود ہیں جن میں اس کے اعلیٰ رہنماٹیپو کو قومی لیڈر، جنگ آزادی کے مجاہد اول، شہید وطن کہتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ ایک ایسی حقیقت ہے جس سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ لیکن اس وقت ٹیپو جینتی کی مخالفت سے دوچیزیں ثابت ہوتی ہیں۔ ایک تو بی جے پی کی گندی ذہنیت اور دوسری یہ کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ وہ ملک میں اخلاقی، سماجی اور سیاسی اعتبار سے خود مختار پارٹی بنی رہے۔ اس کے لئے وہ ہر کام کرنے پر آمادہ ہے جو اس کی شناخت کی بقا کے لئے ضروری ہے، بی جے پی کا ماننا ہے کہ وہ جو کہتی ہے وہ صحیح ہے اور اس کا دور اقتدار ایک سنہرا دور تھا۔ حالانکہ وہ سیاسی اعتبار سے ایک ناکام جماعت ثابت ہوچکی ہے اور اس نے اپنے موقف کے ذریعہ ثابت کردیا ہے کہ وہ کرسی اقتدار پر باقی رہنا چاہتی ہے اور پورا ملک اس کا غلام بنا رہے۔ حالانکہ یہ حقیقت ہے کہ بی جے پی ایک موقع پرست اور مفاد پرست جماعت ہے جس نے ہمیشہ سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے اور سماج کے تقسیم کاروں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے۔
تاریخ میں سلطان شہیدؒ کا مقام ومرتبہ:۔ وزیر موصوف نے تاریخ کے حوالوں سے ٹیپوسلطان شہیدؒ کا مقام ومرتبہ بتاتے ہوئے کہاکہ آپ کو جاننا چاہئے کہ ٹیپوسلطان شہیدؒ کا تاریخ میں کیا مقام ومرتبہ ہے؟ انہوں نے کہاکہ جہاں تک ٹیپو سلطان کا تعلق ہے انہوں نے برطانوی سامراج سے جنگیں لڑیں۔ یہ حقیقت ہے کہ جعلی اور غلط خبروں کو کوئی بھی ختم نہیں کرسکتا، ٹیپو کے تعلق سے چند غلط فہیمیاں پائی جاتی ہیں جو غلط اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم ٹیپو کا احترام ان کے مثبت رویوں اور ملک ووطن کے ان کی قربانیوں کی وجہ سے کرتے ہیں۔ کنڑیگاس کو فخر ہونا چاہئے کہ ٹیپو قوم پرست اور ایک بہادر مجاہد آزادی تھا۔