جامعہ الازہر کا یو اے ای میں کیمپس کھولنے کا اعلان
03:08PM Wed 25 Nov, 2015
مصر کی سب سے بڑی دینی درسگاہ جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں جامعہ کی پہلی شاخ [کیمپس] کے قیام کی منظوری دی ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ڈاکٹر احمد الطیب نے "یو اے ای" میں جامعہ الازھر کی برانچ کےقیام کی منظوری اماراتی محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے چیئرمین ڈاکٹر محمد مطر الکعبی سے ملاقات کے دوران دی، جنہوں نے گذشتہ روز قاہرہ میں ڈاکٹر الطیب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی۔ ڈاکٹر الکعبی اور احمد الطیب کے درمیان ملاقات کے موقع پر دو طرفہ تعاون کے کئی دوسرے معاہدوں کی بھی منظوری دی گئی۔ متحدہ عرب امارات میں جامعہ الازھر کی شاخ کے قیام کے تحت الازھر کالج برائے علوم اسلامی دعوت و ارشاد قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ دونوں ملکوں میں اسلامی علوم و ثقافت، بین المذاہب مکالمے، روداری اور بقائے باہمی کے شعبوں سے متعلق منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ملاقات میں دونوں رہ نمائوں نے دین حنیف کی حقیقی تعلیمات سے عوام الناس کو روشناس کرانے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے پر بھی اتفاق کیا اور اسلامی تحقیقات کے شعبے میں اپنے اپنے تجربات اور مہارتوں سے ایک دوسرے کو آگاہ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات کے دوران جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر الطیب نے متحدہ عرب امارات کی اسلام اور مسلمانوں بالخصوص مصری عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ امارات کے مذہبی امورکے چیئرمین ڈاکٹر الکعبی نے اپنے ملک کی قیادت کی جانب سے جامعہ الازھر کی شاخ کے قیام کی منظوری دیے جانے پر ڈاکٹر الطیب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ الازھر دعوت اور اسلامی علوم کےفروغ کے میدان میں ناقابل فراموش خدمات انجام دے رہی ہے۔