ریاستی شاہراہوں کو ماڈل روڈ کے طور پر ترقی دی جائے گی۔کمارسوامی

01:15PM Sun 16 Dec, 2018

بیلگاوی۔16؍دسمبر (سالارنیوز) وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے بتایاکہ سڑک حادثات کے تناسب میں کمی کے لئے بیلگاوی۔یرگٹی بذریعہ باگل کوٹ ریاستی شاہراہ نمبر20میں عالمی بینک کی امداد سے جاری پائلٹ اسکیم کو ریاست بھر میں ماڈل روڈ کے طور پر وسعت دی جائے گی۔ریاستی شاہراہ ترقیاتی اسکیم (کے شپ) کے تحت یہاں پولیس پریڈ گراؤنڈ میں منعقد روڈ سیفٹی بیداری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کمارسوامی نے اس خیال کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یرگٹی۔بیلگاوی ریاستی شاہراہ میں روڈ سیفٹی کے لئے ملک میں پہلی مرتبہ منفرد تجربہ کیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں ریاست بھر میں یہ تجربہ کیاجائے گا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سڑک حادثات کے موقع پر فوراً 108 نمبر پر فون کرکے زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرنے کے تعلق سے دکھائی جانے والی ڈاکیومنٹری فلم کا نظارہ کیا۔اس موقع پر جانپد فنکاروں نے شراب نوشی کے ذریعہ ڈرائیونگ سے ہونے والے نقصانات کو ڈرامہ کے ذریعہ پیش کیا۔ کمارسوامی کے کرناٹک میں کسانوں کی قرضہ معافی اسکیم کو ملک بھر میں شہرت حاصل ہوئی ہے اور اب مرکزی حکومت نے بھی اس سلسلہ میں تفصیلات طلب کی ہے ۔ ریاستی وزیر برائے محکمہ تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا نے کہا کہ سڑکوں کی ترقی میں ہرگز امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ اس سال شمالی کرناٹک میں سڑکو ں کی ترقی کے لئے 3700کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ ڈی سی تمننا، رکن اسمبلی سیش جارکی ہولی ودیگر حاضر رہے ۔