پسماندہ مسلمانوں کے لئے تحفظات ناگزیر : اسد الدین اویسی
04:58PM Sun 1 Mar, 2015
انگپور، مہاراشٹرا، یکم مارچ (ایجنسیز) آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے پسماندہ مسلمانوں کو تحفظات دینے کا مطالبہ کیا۔ اسد الدین اویسی نے وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب ’’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ مہاراشٹرا کے مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کے لئے ریاستی وزیراعلی پر زور ڈالیں۔ ناگپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے الزام عائد کیا کہ مہاراشٹرا میں پچھلے 50 سالوں سے مسلمانوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی ہوتی رہی ہے۔ انہوں نے سچر کمیٹی، مائناریٹی کمیشن اور دیگر پینلس کے حوالے سے مسلمانوں کی پسماندگی کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی خواندگی کا فیصد سب سے کم ہے۔ باوجود اس کے حکومت مسلمانوں کی فلاح کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کررہی ہے۔ اسد الدین اویسی نے واضح کیا کہ وہ صرف ہندوتوا کے خلاف ہیں ہندوؤں کے خلاف نہیں۔ اس جلسہ کو ارکان مقننہ ممتاز احمد خان، محمد معظم خان، امتیاز جلیل، وارث پٹھان اور دیگر نے بھی مخاطب کیا۔ جب کہ مقامی افراد کی کثیر تعداد نے اس جلسہ عام میں شرکت کی۔