بی ایم جے منطقہ شرقیہ دمام کے تعاون سے تعمیر کیے گئے واٹر سپلائی پلانٹ کا آج مولانا بلال حسنی کے ہاتھوں ہوا افتتاح

04:04PM Fri 19 Jul, 2019

بھٹکل: 19 جولائی، 19 (بھٹکلیس نیوز  بیورو)   بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی جانب سے بھٹکل مسلم جماعت منطہ شرقیہ کے تعاون کے ساتھ غوثیہ اسٹریٹ میں تعمیر کیے گئے صاف و شفاف واٹر سپلائی پلانٹ کا آج مولانا سید بلال حسنی ندوی دامت برکاتہ کے ہاتھوں افتتاح ہوا جبکہ ان کے ساتھ قاضی جماعت المسلمین جناب مولانا اقبال ملا ندوی صاحب اور قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین جناب مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی اور دیگر حضرات بھی موجود تھے۔ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ایک ذمہ دار نے  اس تعلق سے بھٹکلیس کو بتایا کہ بھٹکل کے بعض علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت اور ڈرینج نظام کی  خرابی کی وجہ سے کنویں خراب ہونے کے سبب فیڈریشن نے اقدام کرتے ہوئے خلیجی جماعتوں سے اس کے لیے تعاون کی درخواست کی تھی جس پر لبیک کہتے ہوئے بھٹکل مسلم جماعت منطقہ الشرقیہ نے  غوثیہ اسٹریٹ میں پینے کے پانی کا پلانٹ تعمیر کرنے کی مکمل ذمہ داری لی تھی۔ خیال رہے کہ فیڈریشن کی جانب سے 9/مارچ 2019 کو غوثیہ اسٹریٹ میں قاضی جماعت المسلمین جناب مولانا اقبال ملا ندوی کے ہاتھوں اس پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔اس کے بعد فیڈریشن نے اسی طرح کے مزید پلانٹ پھول بازار، مخدوم کالونی مین روڈ،  آزاد نگر (جالی روڈ) اور مدینہ کالونی وغیرہ میں بھی قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ بلا تفریق مذہب و ملت تمام لوگوں تک صاف شفاف پانی کو پہنچایا جاسکے۔ آج اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم، جامعہ اسلامیہ بھٹکل، رابطہ سوسائٹی بھٹکل اور انجمن حامئی مسلمین کے ذمہ داران موجود تھے۔